Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آئندہ 24 گھنٹوں میں کہاں کہاں بارش متوقع

سرد ہواؤں سے بچنے کے لیے گرم کپڑوں کا خصوصی اہتمام کریں (فوٹو: سبق نيوز)
ماہرموسمیات عبدالعزیز الحصینی نے توقع ظاہر کی ہے کہ آئندہ 24 گھنٹے کے دوران مملکت کے مختلف علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔
عربی ویب نیوز سبق نے الحصینی کی جانب سے دی گئی اطلاع کے حوالے سے بتایا ہے کہ دنیا کے دیگر ممالک کی طرح سعودی عرب میں بھی موسم سرما عروج پر ہے۔
ماہر موسمیات الحصینی کے مطابق ہفتے کی شام سے اتوار 19 جنوری تک مکہ، تبوک، قصیم، الباحہ اور ریاض کے شمالی علاقوں سمیت مدینے کے جنوبی اور الجوف کے مغربی علاقوں میں بارش جبکہ بعض مقامات پر ژالہ باری کے ساتھ ساتھ تیز ہواؤں کا بھی امکان ہے۔

ریاض میں بھی موسم سردرہنے کے ساتھ گرد آلود ہوائوں کا بھی سامنا کرنا پڑے گا (فوٹو: سبق نيوز)

الحصینی نے ان علاقوں میں رہنے اور وہاں جانے والوں کو متنبہ کیا ہے کہ وہ طوفانی سرد ہواؤں سے بچنے کے لیے گرم کپڑوں کا خصوصی طور پر اہتمام کریں۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ہفتے کو مملکت کے مختلف علاقے جن میں تبوک، طریف، حائل شامل ہیں میں کم سے کم درجہ حرارت پانچ ڈگری سنٹی گریڈ رہا۔ سکاکا، الجوف اور شمالی حدود کے علاقوں میں درجہ حرارت چھ ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات نے توقع ظاہر کی ہے کہ مملکت کے مغربی ،وسطی شمالی اور مشرقی علاقوں میں موسم ابر آلود رہنے کا امکان ہے جبکہ سرد ہوائیں چلنے کی توقع ہے۔
الجوف، شمالی حدود ، مشرقی ریجن، قصیم اور ریاض کے علاوہ مکہ اور مدینہ میں بھی موسم سرد رہنے کے ساتھ ساتھ بعض مقامات پر رہنے والوں کو گرد آلود ہواؤں کا بھی سامنا کرنا پڑے گا۔ گرد وغبار سے بچنے کے لیے خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں، خاص کر سانس کے مریضوں کو چاہیے کہ وہ اشد ضرورت کے بغیر گھروں سے باہر نہ نکلیں اور گرد سے بچنے کے لیے طبی ماسک ضرور استعمال کریں۔

 

شیئر: