برطانوی شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن اب شاہی خاندان کے رکن نہیں رہے ۔ دونوں آئندہ ڈیوک اینڈ ڈچز آف سسیکس کے القابات بھی استعمال نہیں کرسکیں گے۔
بکنگھم پیلس سے ہفتے کو جاری اعلامیے کے مطابق ’ہیری اور میگھن رواں برس موسم بہار سے شاہی فرائض انجام دینا چھوڑ دیں گے جبکہ شاہی فرائض کی انجام دہی کے لیے ملنے والے پبلک فنڈز وصول نہیں کریں گے‘۔
ڈیوک اینڈ ڈچز آف سسیکس باضابطہ طور پر ملکہ برطانیہ کی نمائندگی نہیں کر سکیں گے۔
شہزدہ ہیری اور میگھن کے مستقبل کے بارے میں شاہی خاندان کے سینیئر ارکان اورقریبی افراد کے درمیان مشاورت مکمل ہونے کے بعد یہ اعلان سامنے آیا ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا’شہزادہ ہیر ی اور ان کی اہلیہ میگھن اپنے گھر فروگمور کاٹیج کی تزین و آرائش اور بحالی کے لیے خرچ ہونے والی ٹیکس دہندگان کی 2.4 ملین پونڈ رقم واپس کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں‘ ۔
واضح رہے کہ شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ نے اعلان کیا تھا کہ وہ اعلیٰ شاہی حیثیت سے دستبردار ہو رہے ہیں اور اب مالی طور پر خود مختار ہونے کے لیے کام کریں گے۔