ہیری اور میگھن بھی شاہی خاندان کے اہم ارکان میں شمار ہوتے ہیں، فوٹو: اے ایف پی
شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ نے اعلان کیا ہے کہ وہ اعلیٰ شاہی حیثیت سے دستبردار ہو رہے ہیں اور اب مالی طور پر خود مختار ہونے کے لیے کام کریں گے۔
برطانوی شاہی خاندان کے ہیڈکوارٹر بکنگھم پیلس سے جاری بیان کے مطابق ہیری اور میگھن نے کہا ہے کہ ’وہ اپنی شاہی ذمہ داریوں سے دستبردار ہو کر شمالی امریکہ جانا چاہیں گے۔‘
انہوں نے مزید کہا ہے کہ ’وہ اس دوران ملکہ برطانیہ کی مکمل حمایت جاری رکھیں گے۔‘
پہلے بیان کے ایک گھنٹہ 40 منٹ بعد بکنگھم پیلس سے جاری دوسرے بیان کے مطابق ہیری اور میگھن کے ساتھ مشاورت ابھی ابتدائی مراحل میں ہے۔
بیان میں لکھا گیا ہے کہ ’ہم ان (ہیری اور میگھن) کے ایک مختلف راستہ اختیار کرنے کی خواہش کو سمجھتے ہیں، لیکن یہ پیچیدہ معاملات ہیں جن کے فیصلوں میں وقت لگتا ہے۔‘
شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ کیٹ مڈلٹن کے ساتھ ساتھ ہیری اور میگھن بھی شاہی خاندان کے اہم ارکان میں شمار ہوتے ہیں اور اس کا مستقبل مانے جاتے ہیں۔
تاہم اکتوبر میں افواہیں گردش کر رہی تھیں کہ ہیری اور ان کے بھائی ولیم کے تعلقات ٹھیک نہیں چل رہے۔
ہیری اور میگھن نے کرسمس کے قریب کے چھ ہفتے کینیڈا میں گزارے اور اس سے قبل میڈیا کو بتایا تھا کہ سارا وقت خبروں میں رہنا ان کے لیے بہت دباؤ کا باعث بن رہا تھا۔
انہوں نے کرسمس کا وقت شاہی خاندان کے انگلینڈ میں واقع روایتی گھر سینڈرنگھم میں گزارنے کے بجائے میگھن کی والدہ ڈوریا ریگلنڈ کے ساتھ گزارا۔