Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’صفائی پر مامور کارکنوں کو گرم یونیفارم دیے جائیں‘ 

سڑکوں پر صفائی کے کارکنوں کو تحفظ فراہم کرنا کمپنی کی ذمہ داری ہے فوٹو:المدینہ
ان دنوں دنیا بھر کے دیگر ممالک کی طرح سعودی عرب میں بھی سردی کی لہر آئی ہوئی ہے۔ شمالی اور مغربی علاقوں میں رہنے والوں کو تیز برفانی ہواؤں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔
مکہ مکرمہ کی بلدیہ نے صفائی کے کارکنوں کو شدید سردی سے بچانے کے لیے ٹھیکیدار کمپنی کو ہدایت کی ہے کہ کارکنوں کو گرم یونیفارم مہیا کی جائیں تاکہ وہ سرد موسم کے دوران کسی قسم کی مشکل صورتحال کا سامنا نہ کریں۔
مقامی روزنامہ ' المدینہ ' کے مطابق ریجنل بلدیہ کی جانب سے مکہ مکرمہ شہر میں صفائی کی ٹھیکیدار کمپنی کو اس امر کا پابند کیا گیا ہے کہ وہ اپنے تمام کارکنوں کو جو شہر کی صفائی پر مامور ہیں موسم سرما کے لیے مخصو ص یونیفارم مہیا کرے۔

سردی کے موسم میں کارکنوں کو اوورکوٹ اور مفلر فراہم کیاجاتا ہے فوٹو:لمدینہ اخبار

بلدیہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ مکہ مکرمہ میں رات کے وقت خاص کر نصف شب کے بعد سڑکوں پر صفائی کرنے والے کارکنوں کو کافی مشکل صورتحال کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
کمپنی کو مزید کہا گیا ہے کہ اس سال موسم سرما کی شدت میں بھی غیر معمولی اضافہ ہو رہا ہے جبکہ وہ کارکن جو سڑکوں پر رات بھر موجود رہتے ہیں انہیں سرد ہواؤں سے بچانے کے لیے مناسب یونیفارم مہیا کرنا انتہائی لازمی ہے۔
اس ضمن میں بلدیہ کی جانب سے مخصوص تفتیشی ٹیمیں بھی قائم کی گئی ہیں تاکہ اس امر کو یقینی بنایا جاسکے کہ کارکنوں کو متعلقہ کمپنی مطلوبہ معیار کا یونیفارم فراہم کر رہی ہے یا نہیں۔ کمپنی کی جانب سے خلاف ورزی ہر تادیبی کارروائی کی جاتی ہے۔
واضح رہے بلدیہ کے قانون کے مطابق صفائی کی ٹھیکیدار کمپنی اس امر کی پابند ہے کہ وہ اپنے کارکنوں کو موسم کی مناسبت سے یونیفارم مہیا کرے۔
موسم گرما میں کارکنوں کو  ہلکے کپڑے کا یونیفارم اور ہیٹ فراہم کیا جاتا ہے جبکہ سردی میں اوور کوٹ اور مفلر کی فراہمی لازمی ہے۔

شیئر: