’تیل کی منڈی میں استحکام برقرار رکھنے کے لیے اوپک ممالک لچکدار پالیسیاں رکھتے ہیں‘ ( فوٹو: سبق)
سعودی وزیر توانائی شہزادہ عبد العزیز بن سلمان نے کہا ہے کہ ’سعودی عرب کورونا وائرس کے باعث چین اور عالمی معیشت پر پڑنے والے منفی اثرات کا جائزہ لے رہا ہے۔‘
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق انہوں نے کہا ہے کہ ’تیل کی منڈی پر کورونا وائرس کے منفی اثرات کا بھی جائزہ لیا جارہا ہے تاہم ہمیں پوری امید ہے کہ چین وائرس پر قابو پالے گا۔‘
انہوں نے کہاہے کہ ’عام طور پر کورونا کی وجہ سے تیل کی منڈی متاثر نہیں ہوگی تاہم مارکیٹ سے وابستہ بعض ماہرین نفسیاتی طور پر دباؤ کا شکار ہیں اور سمجھتے کہ کورونا سے تیل کی منڈی متاثر ہوگی۔‘
وزیر توانائی نے بتایا ہے کہ ’اس طرح کی منفی سوچ اس سے سے پہلے 2003 میں بھی دیکھی گئی تھی جب سارس وائرس پھیلا تھا۔ اس وقت بھی وائرس کی وجہ سے تیل کی منڈی بہت زیادہ متاثر نہیں ہوئی تھی‘۔
انہوں نے یقین دلایا ہے کہ ’سعودی عرب اور اوپک ممالک لچکدار پالیسیاں رکھتے ہیں کہ وہ تیل کی منڈی میں استحکام برقرار رکھنے کے لیے ضرورت کے مطابق بر وقت تبدیلیاں کرسکتے ہیں‘۔