Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’کرونا وائرس سے تاحال کوئی پاکستانی شہری متاثر نہیں ہوا‘

پاکستانی حکام نے واضح کیا ہے کہ چین کے شہر ووہان اور ملک کے دیگر حصوں میں موجود 500 سے زائد طلباء اور دیگر پاکستانی شہری بالکل محفوظ ہیں اور تاحال کسی پاکستانی کے کرونا وائرس سے متاثر ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔
چین میں پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے اتوار کو جاری کی جانے والی ایک پریس ریلیز کے مطابق بیجنگ میں موجود پاکستانی حکام کرونا وائرس پھیلنے کے حوالے سے تازہ ترین صورت حال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔
اس حوالے سے سفارتخانے کے حکام ناصرف پاکستانی شہریوں بلکہ چینی حکام سے بھی رابطے میں ہیں۔
سفارتخانے نے مزید کہا ہے کہ چین میں موجود پاکستانی شہریوں کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی گئی ہے اور یہ بھی درخواست کی گئی ہے کہ وہ چینی حکام کی طرف سے جاری کردہ احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔ ’موجودہ صورت حال صبر اور استقامت کا تقاضا کرتی ہے۔‘
سفارتخانے کے مطابق چینی حکام نے کرونا وائرس کے پھیلاؤ سے متعلقہ خطرات کو جانچتے ہوئے اضافی اقدامات اٹھائے ہیں۔ ’ہم وائرس کے پھیلاؤ سے نمٹنے کے لیے چینی حکام کی طرف سے کی گئی کوششوں کو سراہتے ہیں۔‘
پاکستانی حکام کی جانب سے طلبا اور دیگر پاکستانی شہریوں کو نصیحت کی گئی ہے کہ وہ تازہ ترین معلومات کے لیے پاکستانی سفارتخانے کی ویب سائٹ وزٹ کرتے رہیں۔
دوسری طرف خبر رساں ادارے روئٹرز نے چین کی وزارتِ صحت کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ کرونا وائرس سے چین میں اب تک لگ بھگ دو ہزار افراد متاثر ہو چکے ہیں جبکہ وائرس کی وجہ سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 56 ہو گئی ہے۔
پاکستانی سفارتخانے کی طرح دنیا بھر کے حکام چین میں موجود اپنے شہریوں کو کرونا وائرس سے بچانے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔
چین کے سرکاری ٹیلی ویژن سی سی ٹی وی کے مطابق صدر شی جن پنگ نے نئے چینی سال کے حوالے سے منعقدہ خصوصی حکومتی اجلاس کے دوران کرونا وائرس کے تیزی سے پھیلنے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
سرکاری ٹی وی کے مطابق اس اجلاس کا انعقاد نئے چینی سال کے موقعے پر ہونے والی عام تعطیل کے دن کیا گیا ہے۔

چین میں کئی شہروں میں آمدورفت پر پابندی عائد کر دی گئی ہے (فوٹو: روئٹرز)

اُدھر امریکہ اور فرانس نے چینی شہر ووہان سے اپنے شہریوں کو نکالنے کا اعلان کیا ہے۔
امریکی سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کے مطابق ووہان میں قونصلیٹ کے عملے اور امریکی شہریوں کو نکالنے کے لیے خصوصی پرواز چلانے کے انتظامات کیے گئے ہیں۔
چین میں وائرس سے متاثرہ بہت سے شہروں میں سفری پابندیاں عائد ہیں جبکہ اتوار سے نجی گاڑیوں کو بھی سب سے زیادہ متاثرہ صوبے ہوبائی کے مرکزی اضلاع میں نقل و حرکت نہیں کرنے دی جا رہی۔
صوبے کا مرکزی شہر ووہان کرونا وائرس کا بھی مرکز ہے جہاں سے یہ متعددی مرض دیگر علاقوں میں پھیلا ہے۔

شیئر: