Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’وزرا کی شکلیں دیکھ کر کہتا ہوں گھبرانا نہیں‘

وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت کا ایک ہی خواب ہے کہ پاکستان کو عظیم بنائیں (فوٹو: سوشل میڈیا)
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کامیابی سے قبل مشکلات آتی ہیں اور وہ کابینہ کے اجلاسوں میں جب بھی وزرا کی ’اتری ہوئی شکلیں‘ دیکھتے ہیں تو اپنی ٹیم سے کہتے ہیں کہ گھبرانا نہیں ہے۔
پیر کو کراچی میں ’کامیاب نوجوان پروگرام‘ کے تحت چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا مزید کہنا تھا ’کابینہ میٹنگ میں اکثر وزرا کہتے ہیں کہ مہنگائی ہو گئی ہے، آج فلاں ہو گیا ہے، تو انہیں کہتا ہوں مہنگائی ہو گئی تو اس کے پیچھے مافیاز بیٹھے ہیں جو پیسے کے لیے یہ سب کر رہے ہیں، ایک ایک کو پکڑا جائے گا۔‘
عمران خان نےمزید کہا کہ ’ہمارا ملک اس وجہ سے ترقی نہیں کر سکا کیونکہ یہاں میرٹ پر کبھی عمل نہیں ہوا، میرٹ کے بغیر ترقی کرنا ممکن نہیں۔‘
وزیراعظم کے مطابق ’اللہ نے پاکستان کو بہت کچھ دے رکھا ہے لیکن ہمارا سب سے بڑا اثاثہ نوجوان ہیں جن میں آگے بڑھنے کا جنون ہے۔ پاکستان نوجوانوں کی اکثریت رکھنے والا دنیا کا دوسرا ملک ہے، پہلے نمبر پر یمن ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کامیابی پہلے ہی روز نہیں ملتی، اس کے لیے محنت کرنا پڑتی ہے۔ 
’دنیا کی سب سے عظیم شخصیت حضرت محمد کو بھی 13 سال جدوجہد کرنا پڑی تھی۔ پاکستان میں بہت ٹیلنٹ ہے لیکن سفارش کلچر اور میرٹ کو نظر انداز کیے جانے کی وجہ سے پاکستان بہت پیچھے رہ گیا۔‘
ان کا مزید کہنا تھا ’میں نے جتنے بھی خواب دیکھے، سب کے لیے بھرپور کوشش کی اور وہ پورے ہوئے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت کا ایک ہی خواب ہے کہ پاکستان کو عظیم بنائیں۔

شیئر: