اب تک امارات میں کروناوائرس کے چار مریض ریکارڈ پر آئے ہیں۔فوٹو: روئٹرز
متحدہ عرب امارات کی وزارت صحت نے مزید ایک شخص کے کرونا وائرس میں مبتلا ہونے کی تصدیق کی ہے۔
متاثرہ شخص چینی شہر ووہان سے امارات پہنچا تھا۔
امارات الیوم کے مطابق وزارت صحت کے ذرائع نے بتایا متاثرہ شخص کی حالت بہتر ہے اور اس کا علاج جاری ہے۔
یاد رہے کہ عرب امارات میں اس سے قبل کرونا وائرس کے چار کیسز سامنے آئے تھے۔
دریں اثنا متحدہ عرب امارات میں معاون سیکریٹری صحت ڈاکٹر حسین الرند کے مطابق تارکین کے لیے بھی کرونا وائرس کا معائنہ فری ہے۔ کسی سے اس پر کوئی فیس لی جارہی اور نہ لی جائے گی۔
البیان کے مطابق جس شخص پر بھی کرونا وائرس میں مبتلا ہونے کا شبہ ہوگا اس کا طبی معائنہ اور نگہداشت مفت ہوگی۔ اب تک امارات میں کروناوائرس کے چار مریض ریکارڈ پر آئے ہیں۔
ڈاکٹر الرند نے مقامی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں سے اپیل کی کہ وہ معمول کی زندگی گزاریں۔ کسی طرح کے خوف میں مبتلانہ ہوں۔
انہوں نے کہا’ یقین رکھیں کہ پورے ملک میں کرونا کی وبا پر نظر رکھنے کے لیے سپیشلسٹ سینٹرز دن رات کام کررہے ہیں۔ ہفتے کے تمام دن ان سینٹرز میں اہلکار کام کررہے ہیں۔ تمام انتظامات معیاری ہیں‘۔
معاون سیکریٹری وزارت صحت نے اطمینان دلایا ’ تمام نجی ہسپتالوں اور کلینکس میں مقامی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کا کرونا وائرس کامعائنہ اور علاج مفت ہے کسی سے اس حوالے سے کوئی بھی فیس نہیں لی جائے گی۔
سیکریٹری صحت نے امارات میں موجود تمام لوگوں سے پرزوراپیل ’ افواہوں پر کان نہ دھریں اور کرونا وائرس سے متعلق جو بھی اطلاع انہیں مل رہی ہو۔ اس کی تصدیق سرکاری ذرائع سے کریں۔ خود خوف میں مبتلا ہوں اور نہ دوسروں کو سراسیمہ کریں‘۔