Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایپل کا چین میں سٹورز بند کرنے کا فیصلہ

ایپل مصنوعات کی فروخت کے اعتبار سے چین دنیا کی تیسری بڑی منڈی ہے۔ فوٹو اے ایف پی
معروف ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے کورونا وائرس کے باعث چین میں اپنے دفاتر اور سٹورز بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔
خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق چین میں ایپل کے دفاتر، سٹورز اور کسٹمر سینٹرز 9 فروری تک بند رہیں گے۔
ایپل نے جاری بیان میں کورونا وائرس کے متاثرین سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ کمپنی کا یہ فیصلہ ماہرین صحت کی تجاویز کو مد نظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔
ایپل کا کہنا ہے کہ  آن لائن سٹور صارفین کی سہولت کے لیے کھلا رہے گا، تاہم چین میں وائرس سے پیدا ہونے والی صورتحال کو قریب سے مانیٹر کیا جا رہا ہے۔
چین میں نہ صرف ایپل کی مصنوعات بنانے کے بڑے کارخانے واقع ہیں بلکہ مصنوعات کی فروخت کے اعتبار سے چین دنیا کی تیسری بڑی منڈی ہے۔
ایپل مصنوعات فراہم کرنے والے کچھ سپلائر وائرس زدہ شہر ووہان کے قریب واقع ہیں۔
اس سے قبل ایپل کے چیف ایگزیکٹو ’ٹم کک‘ کہہ چکے ہیں کہ ایپل کی پیداواری صلاحیت مزید متاثر ہونے سے بچانے کے لیے متبادل ذرائع بروئے کار لانے کے حوالے سے پلان بنایا جا رہا ہے۔
ایپل کمپنی پہلے ہی ووہان میں موجود سٹور بند کر چکی ہے۔ کمپنی کے چند پارٹنرز نے بھی اپنے سٹورز بند کر دیے ہیں، جبکہ دیگر پارٹنرز نے سٹور کھلنے کے اوقات چند گھنٹوں تک محدود کر دیے ہیں۔
تائیوان کی سب سے بڑی ٹیکنالاجی کمپنی ’فاکس کان‘ نے چین میں ایپل مصنوعات کے کارخانے وسط فروری تک بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
فاکس کان کمپنی آئی فون کی مصنوعات تیار کرتی ہے۔
وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے چینی حکومت نے قمری سال کی تعطیلات رواں ہفتے تک بڑھا دی تھیں۔  تاہم بیشتر صوبوں میں لوکل کمپنیوں سے تعطیلات میں مزید اضافے کی درخواست کی جا رہی ہے تاکہ ملازمین اپنے گھروں تک محدود رہ سکیں۔

شیئر: