Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عجمان: ٹریفک چالان میں 50 فیصد رعایت 

عجمان میں قسطوں پر چالان کی ادائیگی کا منصوبہ بھی جاری ہے۔ فوٹو،سوشل میڈیا
ریاست عجمان کے ولی عہد شیخ عمار بن حمید النعیمی کی جانب سے ٹریفک خلاف ورزیوں پر ایک ماہ کے لیے 50 فیصد رعایت دینے کا حکم صادر کر دیا گیاہے۔
ولی عہد کے احکامات پر عمل کرتے ہوئے عجمان ٹریفک پولیس کے ڈائریکٹر جنرل نے ریاست کے تمام ذیلی اداروں کو حکم نامے جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ 16 فروری سے ایک ماہ کے لیے ٹریفک چالانز پر 50 فیصد رعایت دی جائے۔
عجمان ٹریفک پولیس کے ڈائریکٹر نے مزید کہا کہ ' ٹریفک خلاف ورزیوںمیں رعایت کا اطلاق ان چالانز پر ہو گا جو ریاست عجمان میں 31 جنوری 2020 سے قبل تک رجسٹرکیے گئے ہیں'
امارات ٹوڈے کی اطلاع کے مطابق ٹریفک خلاف ورزیوں پر درج ہونے والے جرمانوں میں رعایت عجمان پولیس کو ملنے والے لیڈر شپ پلاٹینیم  ایوارڈ کے علاوہ بہترین کارکردگی پر 16  حکومتی ایوارڈ ملنے پر دی گئی ہے۔

ٹریفک چالان میں رعایت پولیس کی بہترین کارکردگی پر دی گئی ۔فوٹو، امارات ٹوڈے

قبل ازیں عجمان ٹریفک پولیس کی جانب سے ٹریفک چالان کی ادائیگی قسطوں میں کرنے کی سہولت بھی فراہم کی جا چکی ہے ۔ اس ضمن میں عجمان پولیس کے ڈائریکٹر کا کہنا تھا کہ وہ افراد جن کے ذمہ 1000 درھم یا اس سے زائد کے چالان ہیں وہ اگر چاہیں تو چالان کی ادائیگی کو آسان بنانے کے لیے قسطوں میں انتظام کر سکتے ہیں۔ 
اس ضمن میں عجمان پولیس اور بینک کے مابین معاہدہ بھی کیا گیا ہے جس کے تحت بینک بغیر کسی منافع کے جاری کیے جانے والے کریڈیٹ کارڈ کے ذریعے قسطوں میں چالان کی ادائیگی کی جاسکے گی ۔ اس حوالے سے امارات اسلامی بینک کے ذرائع کا کہنا تھا کہ بینک کی جانب سے ٹریفک پولیس کے منصوبے کو کامیاب بنانے کے لیے بھر پور تعاون جاری ہے۔ 

شیئر: