سعودی عرب میں تھیٹر کو آگے بڑھایا جائے گا۔ فوٹو: الشرق الاوسط
سعودی وزیر ثقافت شہزادہ بدر بن عبداللہ بن فرحان نے کنگ فہد کلچرل سینٹر ریاض میں قومی تھیٹر کا آغاز کیا ہے۔
اس موقع پر سعودی عرب اور عالم عرب میں تھیٹر آرٹ سے دلچسپی رکھنے والی شخصیات، دانشور اور فن کار موجود تھے۔
الشرق الاوسط کے مطابق شہزادہ بدر بن عبداللہ نے اعلان کیا ’ سعودی وژن 2030 ثقافت کو زندگی کے معیار کی بنیاد مانتا ہے۔ وزارت ثقافت وطن عزیز میں تھیٹر کی تحریک کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے۔ تھیٹر فن کاروں کو مواقع مہیا کیے جائیں گے۔‘
انہوں نے یقین دلایا ’ وزارت ثقافت قومی تھیٹر کو آرٹ کے شعبے میں جدت طرازی کا قافلہ سالار بنانے کے لیے کوشاں ہے۔‘
قومی تھیٹر کے سربراہ، معروف فنکار و مکالمہ نگار اور سیناریو نگار عبدالعزیز السماعیل نے کہا ’سعودی تھیٹر آب و تاب کے ساتھ واپس آرہا ہے۔ خواتین خود کو سٹیج پر بھی منوائیں گی۔ تھیٹر کلچر کو عام کرنے کے لیے سرمایہ کاری ہوگی۔‘
عبدالعزیزالسماعیل نے 45 برس سے زیادہ کا عرصہ تھیٹر کی خدمت میں گزارا ہے۔ اداکار، مکالمہ نگار، ہدایتکار، ناقد، جج، منتظم اور بطور نگراں مختلف حیثیتوں میں کام کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا ’ قومی تھیٹر وزارت ثقافت کے اہم پروگراموں میں سے ایک ہے۔ دنیا بھر میں قومی تھیٹرز کی خدمات اور تجربات کو مدنظر رکھ کر سعودی عرب میں تھیٹر کو آگے بڑھایا جائے گا۔‘
’ تھیٹر مقامی ٹیموں کی مدد سے تیار ہوں گے۔ بڑوں اور بچوں سب کے لیے ہوں گے۔ غنائی تھیٹر، اوپرا، مونو ڈرامہ، تعلیمی ڈرامہ اور ثقافتی ڈرامہ سب کچھ شامل ہوگا۔‘
انہوں نے بتایا ’ خواتین کے بغیر کوئی بھی سٹیج ڈرامہ مکمل نہیں ہوگا۔ سٹیج ڈراموں میں خواتین کو شامل کیا جائے گا۔ مقامی روایات اور مزاج کو مدنظر رکھ کر کام کیا جائے گا۔ قومی تھیٹر کو آگے بڑھانے میں خواتین برابر کی شریک ہوں گی۔‘