کورونا 20 ملکوں تک پھیل چکا ہے اور کئی ممالک نے چین سے آںے جانے والے مسافروں کے لیے قواعد سخت کیے ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی
کورونا وائرس سے متاثرہ چین میں ملک کی بڑی سٹاک مارکیٹ شنگھائی میں مندی کا رجحان دیکھا جا رہا ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق منگل کو کاروبار شروع ہونے پر چینی سٹاک مارکیٹ دو فیصد گری جو گذشتہ روز پیر سے مسلسل مندی کی طرف جا رہی ہے۔
شنگھائی سٹاک مارکیٹ میں منگل کو 61 پوائنٹس کی کمی دیکھی گئی جبکہ شینژن کمپوزٹ انڈیکس 56 پوائنٹس گرا۔ ہانگ کانگ کے ہانگ سینگ انڈیکس میں بھی 134 پوائنٹس کی گراوٹ ہوئی۔
ادھر چین کی اعلیٰ قیادت نے کورونا وائرس کے خلاف کیے گئے اقدامات میں ’کمی اور مشکلات‘ کا اعتراف کیا ہے۔
اے ایف پی نے کہا ہے کہ چین کے سرکاری ٹی وی نے کورونا وائرس سے متاثرہ مرکزی علاقے میں نئے ہسپتال کے کام شروع کرنے کی خبر دی ہے تاہم منگل کو چین کے نیشنل ہیلتھ کمیشن نے مزید 64 ہلاکتوں کی تصدیق بھی کی ہے۔ یہ تمام ہلاکتیں وائرس پھوٹ پڑنے والے صوبے ہوبی میں ہوئی ہیں۔
اے ایف پی کا کہنا ہے کہ جب سے کورونا پھیلا ہے یہ اب تک ایک دن میں وائرس سے ہونے والی سب سے زیادہ ہلاکتیں ہیں۔ چین میں اب تک اس وبا سے 425 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جو سنہ 2003 میں پھیلنے والی وبا سارس سے ہونے والی ہلاکتوں سے زیادہ ہیں۔
واضح رہے کہ سارس نامی وائرس سے چین میں 349 جبکہ دنیا میں 800 کے لگ بھگ افرد ہلاک ہوئے تھے۔
اے ایف پی کے مطابق چین میں وائرس سے متاثرہ مزید تین ہزار 235 مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے جس سے کورونا متاثرین کی کل تعداد 20 ہزار 400 سے تجاوز کر گئی ہے۔
چین کی حکومت نے وائرس پھیلنے کے بعد امریکہ کی جانب سے ردعمل پر سخت جواب دیتے ہوئے اسے ’افراتفری‘ پھیلانے کا ذمہ دار کہا ہے۔ واضح رہے کہ امریکہ نے کورونا وائرس کے پھیلنے پر ایسے تمام افراد پر اپنے ملک میں داخلے پر پابندی عائد کی ہے جو حال ہی میں چین گئے ہوں۔
چین سے یہ وائرس اب تک 20 ملکوں تک پھیل چکا ہے اور کئی ممالک نے چین سے آنے جانے والے مسافروں کے لیے قواعد سخت کیے ہیں۔
چین میں پھیلنے والے وائرس کو عالمی ادارہ صحت ’گلوبل ہیلتھ ایمرجنسی‘ قرار دے چکا ہے جبکہ اتوار کو اس وبا سے چین سے باہر پہلی ہلاکت کی فلپائن میں تصدیق کی گئی تھی۔