Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’آرٹیکل 370 کا خاتمہ انڈیا کے لیے خطرہ‘

پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ’انڈین وزیراعظم نریندر مودی نے انڈیا کے زیرانتظام کشمیر کی حیثیت تبدیل کر کے بڑی غلطی کی، یہی غلطی کشمیر کی آزادی کی وجہ بنے گی کیونکہ اس سے عالمی برادری اصل حالات جان گئی ہے۔‘
 
بدھ کو یوم کشمیر کی مناسبت سے پاکستان کے زیرانتظام کشمیر کی اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے نریندر مودی کے اس بیان کہ ’پاکستان کو 11 روز میں فتح کیا جا سکتا ہے‘ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’انڈین وزیر اعظم نارمل انسان نہیں ہیں۔’
’یہ گھبرائے ہوئے لوگ ہیں، دو ایٹمی ممالک کے درمیان جنگ کی ایسی بات کوئی ذی شعور انسان نہیں کر سکتا۔‘
وزیراعظم نے مزید کہا کہ ’مودی آر ایس ایس کا فلسفہ لے کر چل رہے ہیں جو ہٹلر سے متاثر ہے، جب دنیا کو اس بارے میں آگاہ کیا تو اب کشمیر کے حق میں رائے بن رہی ہے۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے علاوہ جنیوا میں ٹرمپ، جسٹن ٹروڈو اور انجیلا مرکل سمیت مختلف ممالک کے سربراہان کو صورت حال سے آگاہ کیا۔‘
عمران خان نے آرٹیکل 370 کے خاتمے اور متنازع شہریت بل کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ’ان سے مسلمانوں سے زیادہ انڈیا کو خطرہ ہے۔‘
 

وزیراعظم کے مطابق دنیا کی کشمیر کے حق میں رائے بن رہی ہے (فوٹو: اے ایف پی)

’جب بھی نسل اور قوم پرستی کے نام پر نفرتیں پھیلائی گئیں اس سے خون بہا، 80 لاکھ کشمیریوں کو ایک قسم کی جیل میں بند کر دیا گیا ہے۔‘
عمران خان نے کہا کہ ’نریندر مودی نے پاکستان مخالف مہم پر الیکشن جیتا اور ابھی ہندوتوا کے فلسفے پر چل رہے ہیں۔ وہ کسی بھی وقت کوئی مہم جوئی کر سکتے ہیں، خود ہی حملہ کروا کے جواز بنا سکتے ہیں، لیکن ہم تیار ہیں۔‘
اپنے خطاب میں انہوں نے مزید کہا کہ ’جنرل اسمبلی کے اجلاس کے بعد اسلام آباد میں دیے جانے والے ایک دھرنے کی وجہ سے کشمیر ایشو کے حوالے سے جدوجہد متاثر ہوئی۔‘
اس سے قبل پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے وزیراعظم راجا فاروق حیدر جن کا تعلق مسلم لیگ ن سے ہے، نے خطاب کرتے ہوئے اتفاقِ رائے کی بات کی اور معروف شاعر فیض احمد فیض کے کچھ اشعار بھی پڑھے۔
اس کے جواب میں عمران خان نے کہا کہ ’میری کسی سے ذاتی دشمنی نہیں، جنہوں نے ملک لوٹا ان سے مفاہمت نہیں ہو سکتی۔‘ انہوں نے ساتھ ہی یہ شعر بھی پڑھا۔
مفاہمت نہ سکھا جبر ناروا سے مجھے
میں سر بہ کف ہوں لڑا دے کسی بلا سے مجھے
  • واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ جوائن کریں

شیئر: