مصر میں ہنگامی بنیادوں پر طبی ماسک تیار کیے جارہے ہیں (فوٹو: سوشل میڈیا)
چین میں کرونا وائرس کی تباہی سے بچاؤ کے لیے طبی ماسک کی طلب میں غیر معمولی اضافہ ہو گیا ہے۔ چین جو کہ چند ماہ قبل تک دنیا بھر کو طبی ماسک فراہم کیا کرتا تھا اب اسے اپنے شہریوں کے لیے ہی ماسک درآمد کرنا پڑگئے ہیں۔
چین نے مصر سے 145 ملین طبی ماسک درآمد کرنے کے لیے ڈیمانڈ بھیج دی ہے۔ مصرکے ایوان صنعت و تجارت کے شعبہ ادویات کے نگران علی عوف نے مصری اخبار ' الیوم السابع' کو بتایا کہ چین سے بڑی تعداد میں طبی ماسک کی ڈیمانڈ موصول ہوئی ہے۔
علی عوف کا کہنا تھا کہ مصر میں تیار ہونے والے طبی ماسک بمشکل مقامی ضرورت کو پورا کرتے تھے تاہم چینی حکومت کی جانب سے انہیں موصول ہونے والی اشد ضرورت کو دیکھتے ہوئے ماسک تیار کرنے والی فیکٹریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ مصنوعات کی تیاری کے لیے اضافی عملہ اور وسائل استعمال کریں تاکہ ہنگامی حالت میں چین کی بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کیا جاسکے۔
دنیا بھر کو طبی ماسک فراہم کرنے والا چین آج خود برآمد کرنے پر مجبور ہو گیا ہے (فوٹو: سوشل میڈیا)
واضح رہے چین میں اچانک پھوٹ پڑنے والے وبائی مرض کرونا نے انتہائی خطرناک صورت حال اختیار کر لی ہے۔ اس وائرس سے اب تک ہلاکتوں کی تعداد پانچ سو سے زیادہ ہو چکی ہے جبکہ متاثرین کی تعداد ہزاروں تک پہنچ چکی ہے۔
اطلاعات کے مطابق چین نے یورپی یونین سے بھی درخواست کی تھی کہ وبائی مرض پر قابو پانے اور لوگوں کی حفاظت کے لیے اتحادی ممالک مل کر ضرورت کی طبی اشیا چین کو مہیا کریں تاکہ شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جاسکے۔
دوسری جانب چین کے متاثرہ صوبے ووھان میں ذمہ داروں کا کہنا ہے کہ گذشتہ ماہ جنوری کے آخرمیں صورتحال بے قابو ہوگئی تھی جس کے سبب طبی ماسک اور طبی عملے کو محفوظ رکھنے والے مخصوص گائونز بھی مارکیٹوں سے ختم ہو گئے تھے جس کی وجہ سے شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔