لبنانی خاتون نے شوہر کو زہر دے کر مار دیا
جمعرات 6 فروری 2020 18:32
لبنانی خاتون نے فلسطینی دوست کے ساتھ مل کر سازش رچی تھی ۔ فوٹو: پنٹرسٹ
لبنان کی ایک خاتون نے دوست کے ساتھ ساز باز کرکے اپنے خاوند کو کھانے میں زہر دے کرماردیا۔ یہ واقعہ لبنان کے الناعمہ علاقے میں پیش آیا۔
شوہر کی زندگی کے آخری لمحات کی وڈیو سوشل میڈیا پر ڈال دی گئی جو وائرل ہوگئی۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق لبنانی صحافی احمد قصیر نے اپنے فیس بک اکاﺅنٹ پر یہ اطلاع دیتے ہوئے بتایا ہے کہ 29 سالہ لبنانی خاتون نے اپنے 34 سالہ شامی شوہر عبدالرحمن العکاری کے کھانے میں زہر دوست کے ساتھ ساز بار کرکے ملایا تھا۔
القصیر نے توجہ دلائی کہ لبنانی بیوی نے خاوند کے قتل پر ہی اکتفا نہیں کیا بلکہ اس نے اپنے خاوند کی زندگی کے آخری لمحات کی وڈیو بھی بنائی جس میں وہ اپنے بچوں کو اپنا خیال رکھنے کی وصیت کررہا تھا۔
لبنانی سیکیورٹی فورس کو العکاری کی نعش الناعمہ علاقے میں واقع مکان سے ملی۔ معائنے سے پتہ چلا کہ اس کے سر پرزخم تھے۔ ایک بڑا پتھر اس کے قریب ہی پڑا ہوا پایا گیا تھا۔
تحقیقات سے یہ بات معلوم ہوئی کہ لبنانی بیوی اور اس کے دوست نے العکاری کے قتل کی باقاعدہ منصوبہ بندی کی تھی۔ لبنانی خاتون کا دوست فلسطینی تھا۔
لبنانی پولیس نے پہلے خاتون اور پھر اس کے دوست کو گرفتار کرلیا۔ دوست فرار ہوکر طرابلس چلا گیا تھا۔ فلسطینی دوست کے قبضے سے نشہ آور اشیا بھی برآمد ہوئیں۔
خود کو اپ ڈیٹ رکھیں، واٹس ایپ گروپ جوائن کریں