Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بنگلہ دیش کی پوری ٹیم 233 رنز پر آؤٹ

دونوں ٹیموں کے درمیان ون ڈے 3 اپریل کو کراچی میں کھیلا جائے گا (فوٹو: سوشل میڈیا)
راولپنڈی میں پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان ہونے والے پہلے ٹیسٹ میچ میں بنگلہ دیش ٹیم کی پوری ٹیم 233 رنز پر آؤٹ ہو گئی ہے۔ پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے چار کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
پاکستان نے ٹاس جیت کر بنگلہ دیش کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی، تاہم بنگلہ دیشی پہلے ہی اوور میں اس وقت شدید مشکلات کا شکار ہو گئی جب پہلے ہی اوور کی تیسری گیند پر شاہین شاہ آفریدی نے اوپنر سیف حسن کو آؤٹ کر دیا۔ اس کے بعد بھی کوئی کھلاڑی جم کر نہ کھیل سکا اور وکٹیں گرتی ہیں اور 104 کے مجموعی سکور تک بنگلہ دیش کی آدھی ٹیم پویلین لوٹ چکی تھی۔
بنگلہ دیش کی جانب سے تمیم اقبال اور سیف حسن نے اننگز کا آغاز کیا۔ شاہین شاہ آفریدی پہلے اوور کی تیسری گیند پر سیف حسن کو صفر پر پویلین بھیج دیا، اس وقت بنگلہ دیش کا مجموعی سکور تین تھا۔ اسد شفیق نے سیف حسن کا کیچ لیا۔
تمیم اقبال بنگلہ دیش کے آؤٹ ہونے والے دوسرے بلے باز تھے جنہیں تین کے سکور پر محمد عباس نے ایل بی ڈبلیو کیا۔
کپتان مومن الحق 30 رنز بنانے کے بعد شاہین شاہ آفریدی کی بال پر وکٹ کیپر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔لٹن داس 33 رنز بنانے کے بعد حارث سہیل کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔
اس کے بعد نجم الحسین شانتو اور محموداللہ سکور بڑھانے کی کوشش میں تھے کہ ان میں نجم الحسین شانتو بھی آؤٹ ہو گئے، جو بنگلہ دیش کی جانب سے چوتھے کھلاڑی تھے۔ اس کے چند منٹ بعد ہی محموداللہ شاہین شاہ آفریدی کا شکار ہو گئے۔
یوں 233 کے مجموعی سکور تک پہنچتے پہنچتے تمام بنگلہ دیشی کھلاڑی آؤٹ ہو چکے تھے۔
پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی نے چار، محمد عباس نے دو اور حارث سہیل نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا ہے۔
اس سے قبل پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں پاکستانی ٹیم کے کپتان اظہر علی نے ٹاس جیت کر پہلے بنگلہ دیش کو کھیلنے کی دعوت دی۔ 
پاکستان نے کراچی میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ کی ٹیم کو ہی راولپنڈی ٹیسٹ میں بھی برقرار رکھا ہے۔
جمعرات کو سیریز کی ٹرافی کی رونمائی کے بعد نیوز کانفرنس میں قومی ٹیم کے کپتان اظہر علی کا کہنا تھا کہ ’ٹیسٹ چیمپئن شپ کا ہر میچ اہم ہے اس لیے جیتنے کی کوشش کریں گے۔‘

106 کے مجموعی سکور پر بنگلہ دیش کی آدھی ٹیم پویلین لوٹ چکی تھی۔ فوٹو پی سی بی

اظہر علی نے کہا کہ ’کوشش ہو گی کراچی ٹیسٹ کے کومبی نیشن کے ساتھ میدان میں اتریں کیونکہ راولپنڈی میں ٹیسٹ میچز نتیجہ خیز ثابت ہوتے ہیں۔‘
دوسری جانب آج سے شروع ہونے والے میچ میں بارش کا امکان نہیں ہے، مگر شہری اس حوالے سے راولپنڈی کے موسم پر اعتبار نہیں کرتے۔
محکمہ موسمیات کی پیشین گوئی کے مطابق تو بارش کے آثار نمایاں نہیں ہیں لیکن اس بارے میں بھی زیادہ حتمی بات نہیں کی جا سکتی کیوں کہ بادلوں کو رخ بدلتے دیر نہیں لگتی۔ جس کی بہترین مثال پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلے گئے ٹیسٹ میچز تھے جن میں پہلے ٹیسٹ کے چار دن بارش کی وجہ سے ضائع ہو گئے تھے۔
اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے اسلام آباد کے شہریوں کا کہنا تھا کہ ’مطلع  بظاہر صاف ہے، بادل آتے جاتے رہتے ہیں لیکن لگتا ہے کہ ایک اچھا میچ دیکھنے کو ملے گا۔‘
بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل ) کے اختتام پر تیسری مرتبہ پاکستان آئے گی۔

پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ کراچی میں ہو گا (فوٹو: سوشل میڈیا)

پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان واحد ون ڈے انٹرنیشنل میچ تین اپریل کو کراچی میں کھیلا جائے گا۔
دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ بھی کراچی میں پانچ سے نو اپریل تک کھیلا جائے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق  میچ کے دوران بادل آ تو سکتے ہیں لیکن بارش کا امکان نہیں۔
یاد رہے کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تین ٹی 20 اور دو ٹیسٹ میچز کی سیریز طے تھی لیکن بنگلہ دیشی ٹیم نے اپنے دورے کو تین حصوں میں تقسیم کیا ہے۔

پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے کامیاب بولنگ کرواتے ہوئے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔  فوٹو پی سی بی

پاکستان کی پلیئنگ الیون

پاکستان کی پلیئنگ الیون میں شان مسعود (اوپنر)، عابد علی (اوپنر)،اظہر علی (کپتان) بابر اعظم، حارث سہیل، اسد شفیق، محمد رضوان (وکٹ کیپر) ، یاسر شاہ (سپنر)، محمد عباس (فاسٹ بولر)، شاہین شاہ آفریدی (فاسٹ بولر) اور نسیم شاہ (فاسٹ بولر) شامل ہیں۔
  • واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ جوائن کریں

شیئر: