بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں مڈل آرڈر بلے باز اظہر علی ٹیم کی قیادت کریں گے۔ 16 رکنی سکواڈ میں تین اوپنگ بلے باز عابد علی، امام الحق اور شان مسعود شامل ہیں۔
مڈل آرڈر میں کپتان اظہر علی، بابر اعظم، اسد شفیق، فواد عالم، حارث سہیل جبکہ محمد رضوان وکٹ کیپر کے طور پر سکواڈ کا حصہ ہیں۔
آل راؤنڈر فہیم اشرف کے علاوہ بنگلہ دیش کے خلاف اعلان کردہ سکواڈ میں چار فاسٹ بولرز کو شامل کیا گیا ہے۔
نوجوان شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، عمران خان اور محمد عباس سکواڈ میں شامل ہیں۔
سپن باؤلنگ میں تجربہ کار یاسر شاہ اور بلال آصف کو سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔
کپتان اظہر علی کی قیادت میں 16 رکنی سکواڈ کا اعلان کیا گیا۔ فوٹو: اے ایف پی
پاکستان کے ٹیسٹ سکواڈ سے فاسٹ بولر عثمان شنواری کی جگہ فہیم اشرف کو ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے جبکہ کاشف بھٹی کی جگہ بلال آصف سکواڈ میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔
چیف سیلکٹر مصباح الحق نے پریس کانفرس کرتے ہوئے کہا کہ ٹیسٹ ٹیم میں نوجوان کھلاڑیوں کو شامل کرنے سے گھبرا نہیں رہے لیکن ٹیسٹ میں تجربہ کار کھلاڑیوں کی ضرورت پیش آتی ہے۔