Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نادار خاتون کی فرشی دکان چوری ہونے پر دہائی

ساری روزی روٹی اس سے چل رہی تھی (فوٹو مزمز)
غریب اور کمزور خواتین کے مسائل دنیا بھر کے انسانوں کو سوچنے پر مجبور کردیتے ہیں۔ سنگدل لوگ بھی نادار خواتین کے دکھ درد کی کہانی سن کر تڑپ اٹھتے ہیں۔
مزمز کے مطابق سعودی عرب میں ایک نادار خاتون کی فرشی دکان چوری ہوگئی۔ واردات کا علم ہونے پر خاتون کی چیخیں نکل گئیں۔
 دکھی خاتون روتے ہوئے کہنے لگی کہ یہی سادہ سی دکان میری روزی روٹی کا واحد ذریعہ تھی۔ اب بھلا بتائیں میں کیا کروں۔
سوشل میڈیا پر خاتون کی فریاد بھری وڈیو وائرل ہوگئی۔ وڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ام راکان الجہنی اپنی فرشی دکان چوری ہونے پر روتے ہوئے کہہ رہی ہے کہ ’میں اپنے بچوں کا پیٹ اسی دکان کی آمدنی سے بھر رہی تھی‘۔ 
ام راکان نے کہا کہ ’میں اپنا شکوہ اللہ سے ہی کرتی ہوں۔ اللہ ہی حقیقی کارساز ہے۔ اللہ ہی اسے سمجھے گا جس نے میری دکان چوری کی ہے‘۔
ام راکان کا دل دکھا ہوا تھا اسی عالم میں وہ تڑپ کے ساتھ چور کو بددعا دیتے ہوئے کہنے لگیں ’اللہ اسے نہ دنیا میں کامیاب کرے اور نہ آخرت میں ‘۔ آخر کب تک ہمارا یہ حال رہے گا۔
میری معمولی سی دکان چوری کرنے والے کو کیا ملے گا۔ میں اپنے کمزور بچوں کی مدد اس دکان کی آمدنی سے کررہی تھی۔ میری ساری روزی روٹی اس سے چل رہی تھی، اسی سے میں مکان کا کرایہ اور اپنے قرضوں کی قسطیں بھی ادا کررہی تھی۔
سوشل میڈیا صارفین نے خاتون کی بپتا سن کر دلی دکھ کا اظہار کیا۔ ہر ایک نے اس سے ہمدردی کی۔
ایک صارف نے تحریر کیا کہ ’ام راکان دل چھوٹا نہ کریں،فریاد پر لبیک کہا جائے گا۔ ام راکان کو آزمائش کی اس گھڑی میں ہم تنہا نہیں چھوڑیں گے‘۔
سوشل میڈیا کے دیگر صارفین نے بھی ہمدردانہ جذبات کا اظہارکیا اور ام راکان کو تعاون کی پیشکش بھی کردی۔
  • سعودی عرب کی خبروں کے لیے واٹس ایپ گروپ جوائن کریں

شیئر: