ابھا.... عسیر ریجن میں پولیس اور بلدیہ کی مشترکہ ٹیموں کی جانب سے تجاوزات کے خلاف مہم کے دوران قانون محنت کی خلاف ورزیوں پر 35 تارکین کو گرفتار کرلیا ۔ سعودی خبررساں ایجنسی کے مطابق بلدیہ کی ٹیموں نے سڑکوں کے کنارے قائم کی گئی عارضی دکانیں بھی مسمار کرتے ہوئے وہاں فروخت کی جانے والی سیکڑوں اشیاء ضبط کر لیں ۔ اس ضمن میں میئر عسیر ریجن ڈاکٹر ولید الحمیدی کا کہنا ہے کہ مارکیٹوں اور شاہراہوں کے اطراف قائم کی جانے والی غیر قانونی خوانچوں کے خلاف مہم کے لئے 8 ٹیمیں تشکیل دی گئیں جنہوں نے مختلف مقامات پر قائم تجاوزات کا خاتمہ کر تے ہوئے قانون محنت کی خلاف ورزی کرنے والے غیر قانونی تارکین وطن کو بھی گرفتار کیا ۔ الحمیدی نے مزید کہا کہ تجاوزات کے خلاف بلدیہ کی کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ شاہراہوں کو صاف کیاجاسکے ۔