ریاض ریجن کی کمشنری حریملا کا پولٹری فارم برڈ فلو سے متاثر پایاگیا ہے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
وزارت ماحولیات و پانی وزراعت کے مطابق’ ریاض ریجن کی کمشنری حریملا کا پولٹری فارم برڈ فلو سے متاثر پایاگیا ہے‘۔
’وزارت کے ماتحت ایمرجنسی ٹیموںنے آس پاس کے پولٹری فارمز کو برڈ فلوسے بچانے کے لیے 35 ہزار سے زیادہ متاثرہ مرغیوں کو تلف کیا ہے‘۔
سبق ویب سائٹ نے وزار ت کے ترجمان ڈاکٹر عبداللہ ابا الخیل کے حوالے سے بتایا’ حریملا میں جس قسم کا برڈ فلو پایا گیا ہے وہ H5N8 ہے۔ یہ صرف پرندوں کو متاثر کرتا ہے۔ ان سے انسانوں میں منتقل نہیں ہوتا۔ یہ صحت عامہ کے لیے پرخطر نہیں ہے۔
ترجمان نے مملکت بھر میں مرغی فارموں کے مالکان سے پھر اپیل کی ہے کہ وہ اپنے یہاں حفاظتی تدابیر کا اچھی طرح سے خیال رکھیں اور لاپروائی سے کام نہ لیں۔
’ مرغی پالنے والے مقامی شہری مرغیوں کے سلسلے میں احتیاطی تدابیر میں کسی طرح کی کوئی کوتاہی نہ کریں۔ حالیہ ایام میں پرانی مرغیوں کے ساتھ نئی مرغیاں شامل کرنے سے اجتناب برتیں‘۔
وزارت نے مقامی شہریوں سے اپیل کی کہ وہ حالیہ ایام میں نقل مکانی کرنے والے پرندوں کا شکار نہ کریں۔ احتیاطی تدبیر کے طور پر بری پرندوں کے شکار سے بھی پرہیز کریں۔
وزارت نے مقامی شہریوں سے کہا ’ اگر انہیں کہیں مرے ہوئے پرندے زیادہ تعداد میں نظر آئیں یا انہیں مرغیوں میں برڈ فلو پھیلنے کا شبہ ہورہا ہو تو پہلی فرصت میں 8002470000 پر رابطہ کرکے آگاہ کریں‘۔
وزارت ماحولیات برڈ فلو کو پھیلنے سے روکنے کے لیے ہنگامی انتظامات کررہی ہے۔