Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب میں مصنوعی بارش کے منصوبے کی منظوری

سعودی کابینہ نے ریاض کو عرب خواتین کا دارالحکومت قرار دینے کی ستائش کی ہے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کی کابینہ نے ملک میں مصنوعی بارش پروگرام کی منظوری دے دی ہے۔ 
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیر صدارت ریاض کے قصر یمامہ میں ہونے والے کابینہ کے اجلاس میں چھ قراردادیں بھی منظور کی گئی ہیں۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق اجلاس میں کابینہ نے کہا کہ کورونا وائرس کے پھیلاﺅ سے نمٹنے اور اس کے سدباب کے لیے چین کے لیے طبی سامان بھیجنے کا فیصلہ چین کے ساتھ مضبوط تعلقات کو آگے بڑھانے اور بحرانوں سے نمٹنے کے سلسلے میں سعودی عرب کے انسانیت نواز کردار کا حصہ ہے۔

شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیر صدارت  اجلاس میں چھ قراردادیں منظور کی گئی ہیں (فوٹو: ایس پی اے)

وزیر اطلاعات و نشریات ترکی الشبانہ نے اجلاس کے بعد تفصیلات دیتے ہوئے واضح کیا کہ کابینہ میں عرب دنیا، علاقائی اور بین الاقوامی حالات حاضرہ پر متعدد رپورٹیں پیش کی گئیں۔
سعودی کابینہ نے اس بات کی ستائش کی کہ ریاض کو 2020 کے لیے عرب خواتین کا دارالحکومت قرار دیا گیا ہے۔ سعودی عرب علاقائی اور بین الاقوامی برادری کے ساتھ مل کر خواتین کو اپنے قدموں پر کھڑا کرنے کے لیے جملہ وسائل بروئے کار لائے گا۔
سعودی عرب نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ ایٹمی دہشتگردی کے انسداد کے لیے تمام تدابیر بروئے کار لائے اور خطے میں نظر آنے والی کشیدگی نیز دہشتگرد تنظیموں کے پھیلاﺅ کو دیکھتے ہوئے اس حوالے سے زیادہ موثر جدوجہد کرے۔

کابینہ میں عرب دنیا، علاقائی اور بین الاقوامی حالات حاضرہ پر رپورٹیں پیش کی گئیں (فوٹو: ایس پی اے)

کابینہ نے شمسی توانائی کے عالمی اتحاد کے قیام کے بنیادی معاہدے میں سعودی عرب کی شمولیت کی بھی منظوری دی ہے۔
 سعودی کابینہ نے افغانستان کے ساتھ سکیورٹی تعاون کے معاہدے کا اختیار وزیر داخلہ کو تفویض کیا ہے۔  کوریا کے ساتھ سیاحت کے شعبے میں تعاون کی مفاہمتی یادداشت کی منظوری دی گئی۔

شیئر: