Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کرونا، ’تیل مارکیٹ کے نقصانات پر نظر ہے‘

شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیر صدارت کابینہ اجلاس میں خطے کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کرونا وائرس سے تیل مارکیٹ کو پہنچنے والے نقصانات پر مسلسل گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔ 
منگل کو شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیر صدارت کابینہ اجلاس میں بین الاقوامی معیشت اور چین کے اقتصادی حالات پر کرونا وائرس سے پڑنے والے ممکنہ نقصانات کا جائزہ لیا گیا۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق وزیر اطلاعات ترکی الشبانہ نے بتایا کہ کابینہ کے اجلاس میں تیل مارکیٹ کی صورتحال اور تیل مارکیٹ میں توازن کا موضوع بھی زیر بحث آیا۔
سعودی کابینہ نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ حکومت چین اور عالمی برادری کرونا وائرس کی وبا کے خاتمے میں کامیاب ہوجائے گی۔

سعودی عرب اور اوپیک پلس کسی بھی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے لچکدار رویہ اپنائیں گے (فوٹو: ایس پی اے)

’سعودی عرب اور اوپیک پلس کسی بھی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے لچکدار رویہ اپنائیں گے اور اپنے مہیا وسائل سے کام لیں گے۔ تیل مارکیٹ کے استحکام کے لیے سعودی عرب سمیت تمام اوپیک پلس ممالک ضروری اقدامات کریں گے۔ُ
کابینہ نے خطے میں متعدد تنازعات پر سرکاری موقف اجاگر کرتے ہوئے تمام فریقوں سے انتہا درجے برداشت سے کام لینے، معاملات کو ٹھنڈا رکھنے، مکالمے کا سہارا لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ کابینہ نے لیبیا کے معاملے میں خارجی مداخلت کو مسترد کردیا۔
سعودی عرب نے خارجی چیلنجوں سے نمٹنے، اندرونی امور میں مداخلت سے متعلق سعودی عرب کے غیر متزلزل موقف اور پالیسی کو اجاگر کیا ۔ اس حوالے سے یورپی پارلیمنٹ کے سامنے بیان کردہ اپنے موقف کا اعادہ کیا اور خطے میں استحکام پر زور دیا۔

 کابینہ نے مالدیپ کے ساتھ سکیورٹی امور میں تعاون کے معاہدے کی منظوری دی (فوٹو: ایس پی اے)

کابینہ نے دہشتگردی اور اس کے فنڈنگ کے انسداد کے سلسلے میں سعودی ریاستی سلامتی کے ادارے اور برادر و دوست ممالک میں اس طرح کے اداروں کے درمیان تعاون کے معاہدے کے لیے رہنما ماڈل کی منظوری دی ہے۔
سعودی وزیر اطلاعات ترکی الشبانہ نے اجلاس کے بعد بتایا کہ کابینہ میں سوئٹزرلینڈ میں ورلڈ اکنامک فورم کے اجلاسوں میں سعودی وفد کی شرکت، ملاقاتوں اور اقتصادی فیصلہ سازوں نیز اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ مذاکرات سے متعلق جامع رپورٹ پیش کی گئی۔
کابینہ نے مالدیپ کے ساتھ سکیورٹی امور میں تعاون کے معاہدے، چین کے ساتھ اعلیٰ سطح کی مشترکہ کمیٹی کی تشکیل کے پروٹوکول اور یوکرین کے ساتھ عدالتی امور میں تعاون کی مفاہمتی یادداشت کی منظوری دی۔
کابینہ نے یورپی یونین کے ساتھ غذائی امور اور ادویہ کے سلسلے میں مفاہمتی یادداشت کا اختیار سعودی ایف ڈی اے کو تفویض کردیا۔

شیئر: