زمان ترین کے مطابق آگ کے شعلے اتنے بلند ہیں کہ 10 کلومیٹر دور سے بھی نظر آرہے ہیں۔
بلوچستان کے ضلع زیارت اور ہرنائی میں جنگلات میں آگ بھڑک اٹھی ہے جو کئی ایکڑ رقبے تک پھیل گئی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ آگ پر قابو پانے کی کوشش جاری ہے جس میں درجنوں اہلکار شریک ہیں۔
ڈپٹی کمشنر ہرنائی عظیم جان دمڑ نے اردو نیوز کو ٹیلیفون پر بتایا کہ ہرنائی کی تحصیل شاہرگ اور اس سے ملحقہ ضلع زیارت کی حدود میں واقع خلیفت کی پہاڑی کے جنوبی سمت میں تین مختلف مقامات پر آگ لگی ہے۔
’آگ ممکنہ طو ر پر چرواہوں کی جانب سے جلائی گئی ہیں جو تیز ہواﺅں کی وجہ سے پھیل گئی ہے۔‘ انہوں نے بتایا کہ ہرنائی کو محکمہ جنگلات نے تین علاقوں میں تقسیم کیا ہے جو علاقہ آگ سے متاثر ہوا ہے وہ محکمہ جنگلات زیارت کی حدود میں آتا ہے اس لئے ہم نے زیارت کی ضلعی انتظامیہ اور محکمہ جنگلات کے حکام سے رابطہ کیا ہے تاکہ آگ بجھانے کی کوششیں تیز کی جاسکیں۔
ڈپٹی کمشنر ہرنائی نے بتایا کہ ان کے پاس ہرنائی میں آگ بجھانے کے لیے صرف ایک گاڑی ہے اور وہ بھی پہاڑی علاقے میں آگ بجھانے کے کام نہیں آسکتی۔
میونسپل کمیٹی شاہرگ کے سابق چیئرمین ملک محمد زمان ترین نے اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’ یہ آگ گزشتہ تین روز سے لگی ہوئی ہے مگر آج تیز ہوائیں چلنے کی وجہ سے بڑے علاقے تک پھیل گئی ہے۔‘
ان کے مطابق آگ کے شعلے اتنے بلند ہیں کہ دس کلومیٹر دور علاقے سے بھی نظر آرہے ہیں۔ زیتون کے درخت بڑی تعداد میں جل کر تباہ ہوئے ہیں۔ آگ پر قابو پانے کیے لیے فوری کوششیں نہ کی گئیں تو یہ مزید پھیل سکتی ہے۔
محکمہ جنگلات زیارت کے ڈپٹی کنزرویٹر حسیب کاکڑ کے مطابق آگ تین سے چار مقامات پر سوکھی جھاڑیوں اور گھاس میں لگی ہیں۔ ’پچھلے سال بارشوں کے بعد اس علاقے میں بڑے پیمانے پر سبزہ اُگا جو سردیوں میں سوکھ گیا ہے۔ غیر مقامی چرواہے سوکھے ہوئے سبزے کوآگ لگادیتے ہیں تاکہ مار چ اور اپریل میں ان کے جانوروں کیلئے تازہ سبزہ اُگ آئے۔‘
حسیب کاکڑ نے بتایا کہ کوہ خلیفت کے ایک جانب زیتون اور دوسری جانب صنوبر کے جنگلات ہیں۔ آتشزدگی سے پندرہ ایکڑ سے زائد رقبہ متاثر ہوا ہے ہم اسے مزید علاقے تک پھیلنے سے روکنے کی کوشش کررہے ہیں۔
ان کے مطابق آگ بجھانے کے کام میں محکمہ جنگلات کے 28 اہلکار حصہ لے رہے ہیں اور لیویز اہلکار بھی ہماری مدد کررہے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر زیارت کی جانب سے چالیس مزید اہلکار بھیجے جارہے ہیں۔
محکمہ جنگلات کے آفیسر کے مطابق تیز ہواﺅں کی وجہ سے آگ بجھانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔