سیف علی خان کے مطابق کرینہ معاملات میں زیادہ منظم ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
بالی وڈ اداکار سیف علی خان اور کرینہ کپور اپنی شادی شدہ زندگی میں خوش ہیں لیکن آپ کو حیرت ہوگی کہ شادی سے پہلے ان کو ملانے میں اہم کردار اداکارہ رانی مکھرجی نے ادا کیا تھا۔
سیف علی خان اور رانی مکھرجی نے فلموں میں ساتھ کام کیا ہے۔ جن میں ان کی مشہور فلمیں ’تارا رم پم‘ اور ’ہم تم‘ شامل ہیں۔
ریڈیو چینل 104.8 پر اپنی اہلیہ کے پروگرام ’خواتین کیا چاہتی ہیں‘ میں اظہار خیال کرتے ہوئے بالی وڈ اداکار اور چھوٹے نواب سیف علی خان نے کہا کہ جب انہوں نے کرینہ کپور سے ملنا شروع کیا تو انہیں بالی وڈ اداکارہ رانی مکھر جی نے ایک اہم مشورہ دیا۔‘
’رانی مکھرجی نے مجھے ایک دفعہ کہا تھا کہ تم ایسا محسوس کرو کہ تم کسی مرد کے ساتھ تعلق میں ہو، اس میں نہیں پڑنا کہ مخالف کی جنس کیا ہے۔ ایسا برتاؤ کرو کہ دونوں برابر ہیں۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’رانی مکھرجی نے یہ بھی کہا تھا کہ اس رشتے میں ایک گھر میں دونوں ہیرو ہوتے ہیں۔ ‘
’شادی شدہ زندگی میں دونوں کو اکھٹے کام کرنا چاہیے تو پھر زندگی میں مسائل نہیں ہوتے۔‘
سیف علی خان نے سامعین سے نجی زندگی سے متعلق معلومات شیئر کرتے ہوئے کہا کہ ’ کس کے ذمے کیا کام ہے وہ پہلے سے ان کے اور کرینہ کے درمیان طے ہے۔ رشتے میں جڑنے کے لیے ضروری ہے کہ دونوں برابر رہیں۔‘
چھوٹے نواب نے مذاق کرتے ہوئے کہا کہ ’چھٹیوں پر جانے کا پروگرام کرینہ بناتی ہیں اور وہ بس صرف لطف اٹھاتے ہیں۔‘
پروگرام کی میزبان کرینہ یعنی اپنی اہلیہ کو مخاطب کرتے ہوئے سیف علی خان کا کہنا تھا ’ کہ تم منظم ہو، وقت کے مطابق کام کرنا اور چلنا زبردست ہے، یہ چیز مجھے پسند ہے۔‘
کرینہ کپور اور سیف علی خان کی شادی کو سات برس ہو چکے ہیں۔ ان کی شادی 2012 میں ہوئی تھی۔
ان کے ایک بیٹے تیمور علی خان ہیں۔ تیمور علی خان 2016 میں پیدا ہوئے۔
واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ جوائن کریں