گذشتہ دنوں اداکارہ وحیدہ رحمان نے اپنا 82 واں یوم پیدائش منایا (فوٹو:وکی بائیو)
فلم انڈسٹری کو ساری دنیا میں نئے فیشن کو متعارف کرانے کا وسیلہ سمجھا جاتا ہے۔ لیکن اس معاملے میں بالی وڈ سب سے آگے نظر آتا ہے۔
یہاں ہیرو ہیروئن کے لباس اور بالوں کے انداز کی نقل عام طور پر دیکھی جاتی ہے۔ ایک زمانے میں اگر لوگ دیو آنند کی طرح بال بنایا کرتے تھے تو آج سلمان کی طرح کسرتی جسم بنانے کا چلن نظر آتا ہے۔ کبھی لڑکیاں اپنے زمانے کی معروف اداکارہ سادھنا کے بالوں کی نقل کرتی تھیں تو آج کرینہ کپور اور سونم کپور کے طرز کے کپڑوں کی نقل کی جاتی ہے۔
لیکن ان سب میں ایک شخصیت سب سے نمایاں رہی ہے جو لباس کے معاملے میں بہت محتاط رہی ہیں اور وہ شخصیت وحیدہ رحمان کی ہے۔
گذشتہ دنوں اداکارہ وحیدہ رحمان نے اپنا 82 واں یوم پیدائش منایا اور سوشل میڈیا پر لوگوں نے دل کھول کر انہیں جنم دن کی مبارکباد دی۔
وحیدہ رحمان کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ ان کو گرودت فلموں میں لائے تھے اور وہ وحیدہ پر جان نثار کرتے تھے لیکن شاید وہ دونوں شادی اس لیے نہ کر سکے کیونکہ گرودت پہلے سے ہی شادی شدہ تھے۔
بہت سے لوگ گرودت کی قبل از وقت موت کی وجہ وحیدہ رحمان کو کہتے ہیں لیکن دراصل یہ ازدواجی کشمکش کا نتیجہ تھا۔
بہر حال کہا جاتا ہے کہ گرودت اور وحیدہ رحمان کا ملنا ایک حادثے کا نتیجہ تھا۔ گرودت کو کار حادثے کی وجہ سے حیدرآباد میں کئی روز تک رکنا پڑا جہاں انہوں نے ایک تھیئٹر میں وحیدہ رحمان کا رقص دیکھا تھا۔
ایک فلم میں انہیں جب ایک مخصوص لڑکی کے کردار کی ضرورت پیش آئی تو ان کو وحیدہ رحمان یاد آئیں اور انہوں نے رابطہ کیا اور ’سی آئی ڈی‘ فلم میں انہیں متعارف کرایا۔
وحیدہ رحمان گرودت کو اپنا مینٹر یعنی استاد مانتی ہیں۔
وحیدہ رحمان نے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ گرودت کے ساتھ انہوں نے کئی فلموں کے لیے ایک معاہدہ کیا تھا اور انہوں نے گرودت کے ساتھ صرف ایک شرط رکھی تھی اور وہ تھی کہ وہ کسی بھی کردار کے لیے ’لباس اپنی پسند کے پہنیں گی۔‘
اور پھر دنیا نے دیکھا کہ وحیدہ رحمان نے کبھی مبینہ عریانیت کو قبول نہیں کیا۔
انہوں نے ایک انٹرویو میں کہا کہ کبھی بھی کوئی بغیر بازو والے کپڑے نہیں پہنے اور عام طور پر ان کے بلاؤز کے بازو بھی لمبے ہوا کرتے تھے۔
وحیدہ رحمان کی پیدائش جنوبی ریاست تمل ناڈو میں 3 فروری 1938 میں ہوئی تھی۔ انہوں نے ہندی کے علاوہ تمل، تیلگو، بنگالی اور ملیالم فلموں میں بھی کام کیا۔
گرودت کے ساتھ ان کی فلمیں بہت زیادہ کامیاب رہیں اور فلم انڈسٹری میں سنگ میل تصور کی جاتی ہیں۔
فلم پیاسا، کاغذ کے پھول، چودھویں کا چاند، صاحب بی بی اور غلام وغیرہ اس سلسلے کی یادگار فلمیں ہیں۔ انہیں ان کی اداکاری کے لیے متعدد ایوارڈز دیے گئے ہیں جن میں نیشنل ایوارڈ کے ساتھ فلم فیئر ایوارڈز بھی شامل ہیں۔
گذشتہ روز بھی انہیں ممبئی میں مدھیہ پردیش حکومت کی جانب سے گرانقدر کشور کمار ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔
اپنے کیرئیر میں انہیں بالی وڈ کی خوبصورت ترین اداکاراؤں میں ہمیشہ شمار کیا گیا ہے۔ ان کی یاد گار فلموں میں گائیڈ، نیل کمل، خاموشی، رام اور شیام کے علاوہ ریشما شیرا، دل دیا درد لیا، اور آدمی وغیرہ شامل ہیں۔
وقت سے پہلے ہی اپنی عمر سے بڑے کردار ادا کیے
وحیدہ رحمان کا کہنا ہے کہ انہوں نے وقت سے پہلے ہی اپنی عمر سے بڑے کردار ادا کرنے شروع کر دیے۔ انہوں نے اگر ایک فلم میں امیتابھ کی محبوبہ کا کردار ادا کیا ہے تو ایک فلم میں ماں کا کردار ادا کیا ہے۔
وحیدہ رحمان نے بتایا کہ انہیں عمر سے زیادہ کردار متاثر کرتے ہیں۔
وحیدہ رحمان نے لباس کے لیے اپنا ایک معیار قائم رکھا تاہم ان دنوں لباس کے لیے بہت سی اداکاراؤں کو سوشل میڈیا پر ٹرول کیا جاتا ہے۔
بالی وڈ کی ’دیسی گرل‘ کا لباس
اداکارہ سری دیوی کی بیٹی جھانوی کپور کے کپڑوں کے بارے میں تو اداکارائیں بھی اظہار خیال کر چکی ہیں لیکن ان دنوں بالی وڈ کی ’دیسی گرل‘ جو بالی وڈ سے زیادہ ہالی وڈ میں نظر آتی ہیں انہوں نے گریمی ایوارڈ میں شرکت کے وقت جس لباس کا انتخاب کیا تھا اس کے لیے وہ ٹرول ہو رہی ہیں۔
یہ لباس ایک گاؤن کی طرح ہے جس میں ان کی گلے کے بند ناف تک کھلتے ہیں۔ جہاں ان کے اس لباس پر چوطرفہ تنقید کی جا رہی ہے وہیں اداکارہ حنا خان کا کہنا ہے کہ وہ اس لباس میں پر شکوہ نظر آتی ہیں۔
حنا خان نے ایک چینل کے ساتھ انٹرویو کے دوران کہا ’آپ کون ہوتے ہیں کسی کے لباس پر تنقید کرنے والے اگر وہ اس لباس کے ساتھ مطمئن ہیں۔ میں ناقدین کو چلینج کرتی ہوں کہ وہ دس منٹ تک وہ لباس پہن کر دکھائیں۔ ایسا لباس پہننا بہت آسان نہیں ہے۔۔۔ اس کے لیے پروقار خوبصورتی اور انداز کے ساتھ ہمت بھی چاہیے۔‘
اس سے قبل فیشن ڈیزائنر وینڈل روڈرکس پر پرینکا چوپڑہ کا لباس تیار کرنے پر تنقید کی گئی تھی۔
انہوں نے انسٹا گرام پر لکھا تھا کہ پرینکا چوپڑہ کے لباس کا نیک لائن یعنی گلا ’لاس اینجلس سے سیدھا کیوبا تک پہنچتا ہے۔‘
بعد میں انہوں نے کہا کہ وہ لباس پر تنقید کر رہے تھے نہ کہ جسم پر۔
بہر حال پرانی کہاوت ہے کہ کھانا اپنی پسند کا کھاؤ لیکن لباس کے متعلق دوسروں کی پسند کا خیال کرو۔
واٹس ایپ پر خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ جوائن کریں