یہ واقعہ ریاض کے السلی محلے میں جمعے اور ہفتے کی درمیانی شب ہوا (فوٹو:عاجل)
سعودی دار الحکومت ریاض میں نا معلوم افراد اے ٹی ایم سے 14 لاکھ ریال چوری کرنے میں کامیاب ہوگئے۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق واقعہ جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب ریاض کے السلی محلے میں واقع مقامی بینک کے ایک اے ٹی ایم ہوا ہے۔
ریاض پولیس نے کہا ہے کہ ’چوروں نے پہلی مرتبہ اے ٹی ایم کو کھولنے کے لیے گیس کا استعمال کیا ہے‘۔
پولیس نے کہا ہے کہ ’فجر کے وقت اطلاع ملی تھی کہ اے ٹی ایم میں دھماکے کی آواز سنی گئی۔ فوری طور پر پولیس کی ٹیم موقع پر پہنچی تو معلوم ہوا کہ چور بڑی رقم لے کر فرار ہوچکے تھے‘۔
پولیس نے بتایا ہے کہ ’تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اے ٹی ایم پر سی سی ٹی وی کیمرے سے واردات کرنے والوں کی شناخت کی جا رہی ہے‘۔
پولیس ذرائع نے بتایا ہے کہ ’چوروں نے اے ٹی ایم میں گیس بھردی تھی اور اسے دھماکے سے اڑا دیا تھا‘۔