پشتون تحفظ موومنٹ (پی ٹی ایم) کے سربراہ منظور پشتین کی مزید تین مقدمات میں ضمانت کی درخواستیں منظور کر لی گئی ہیں۔
پی ٹی ایم کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی محسن داوڑ نے اردو نیوز کو بتایا کہ ڈیرہ اسماعیل خان اور کرک کی مقامی عدالت نے منظور پشتین کی ضمانتیں منظور کی ہیں۔ ’سنیچر کو مقامی عدالت نے منظور پشتین کے خلاف تین مقدمات میں ضمانت کی منظوری دی ہے۔‘
مقامی عدالت نے منظور پشتین کی ضمانت کی درخواست منظور کرتے ہوئے انہیں ایک ایک لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔
مزید پڑھیں
-
پی ٹی ایم اب کیوں احتجاج کر رہی ہے؟Node ID: 417456
-
’اشرف غنی کا بیان معاملات میں مداخلت‘Node ID: 455606
-
بغاوت کا مقدمہ: مجسٹریٹ سے وضاحت طلبNode ID: 458446
محسن داوڑ کے مطابق منظور پشتین کے خلاف چھ مقدمات بنائے گئے تھے، تین میں اس سے قبل ضمانت منظور کی جاچکی تھی جبکہ سنیچر کو عدالت نے باقی تین مقدمات میں بھی ضمانت منظور کرتے ہوئے رہائی کے احکامات جاری کیے ہیں۔
محسن داوڑ کے بقول ضمانتی مچلکے جمع کرانے کے بعد روبکار جاری کی جائے گی جس کے بعد منظور پشتین کی رہائی ممکن ہو سکے گی۔
خیال رہے کہ پی ٹی ایم کے سربراہ کو ساتھیوں سمیت پشاور پولیس نے 26 اور 27 جنوری کی درمیانی شب کو پشاور کے علاقے تہکال سے گرفتار کیا تھا۔
پشاور پولیس نے دعویٰ کیا تھا کہ ڈیرہ اسماعیل خان پولیس کو منظور پشتین متعدد مقدمات میں مطلوب تھے۔
منظور پشتین کو 27 جنوری کو عدالت نے 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر سنٹرل جیل پشاور بھیج دیا گیا تھا۔ جس کے بعد پشاور کی عدالت نے ان کی درخواست ضمانت مسترد کرتے ہوئے انہیں ڈیرہ اسماعیل خان کی جیل میں منتقل کرنے کا حکم دیا تھا۔
رکن قومی اسمبلی محسن داوڑ نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر بھی منظور پشتین کی ’تمام مقدمات میں ضمانت منظور‘ ہونے کی اطلاع دیتے ہوئے تمام سیاستدانوں اور سرگرم سوشل میڈیا صارفین کا شکریہ ادا کیا ہے۔
Manzoor Pashteen's bail has been confirmed in all cases. I would like to thank all politicians, social media activists, civil society, @hrw, @amnesty and everybody else who raised their voice for his release. Ours is a long struggle for peace and justice #PashtunLongMarch4Manzoor
— Mohsin Dawar (@mjdawar) February 15, 2020