پاکستان کے صوبہ پنجاب کے شہر راولپنڈی میں مبینہ ریپ کا شکار چودہ سالہ لڑکی کے ہاں بیٹی کی پیدائش ہوئی ہے۔
راولپنڈی پولیس نے لڑکی کے باپ کی شکایت پر چار افراد کو ریپ کے الزام میں گرفتار کر رکھا ہے۔ راولپنڈی میں یہ صورت حال اس وقت پیدا ہوئی جب لڑکی کو پیٹ درد کے باعث ہسپتال لے جایا گیا۔
تشخیص سے معلوم ہوا کہ لڑکی حاملہ ہے۔
تھانہ رتہ امرال میں درج ایف آئی آر کے مطابق چار افراد چودہ سالہ لڑکی کے ساتھ کئی مہینوں تک اجتماعی زیادتی کرتے رہے۔ جن افراد پر ریپ کا الزام لگا ہے ان کی عمریں بالترتیب 15سال، 20 سال، 22 سال اور 56 سال ہیں۔ 56 سالہ شخص خود بھی چار بچوں کا باپ ہے۔
مزید پڑھیں
-
بچوں سے زیادتی، پھانسی کی قرارداد منظورNode ID: 457621
-
بلوچستان میں تین سال بعد پہلا چائلڈ پروٹیکشن یونٹ قائمNode ID: 458601
-
’خواتین کی وراثت سے محرومی اب نہیں‘Node ID: 459126
علاقے کے سماجی کارکن ابراہیم بٹ جو دوستوں کے ہمراہ لڑکی کی دیکھ بھال کر رہے ہیں، انہوں نے اردو نیوز کو بتایا ’ڈاکٹرز نے مارچ کے دوسرے ہفتے میں ڈیلیوری کی تاریخ دی تھی لیکن اچانک لڑکی کی طبیعت خراب ہو گئی تو اسے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال میں لے کر آئے یہاں ڈاکٹروں نے بتایا کہ ڈیلیوری ابھی ہوگی۔ جس کے بعد بچی پیدا ہوئی جبکہ زچہ اور بچہ دونوں کی صحت ڈاکٹرز تسلی بخش قرار دے رہے ہیں۔‘
مقدمے کے تفتیشی افسر محمد اقبال نے اردو نیوز کو بتایا ’چاروں ملزمان کو تین روزہ جسمانی ریمانڈ کے بعد آج جیل بھیج دیا گیا ہے۔ پولیس تفتیش میں چاروں ملزم قصوروار پائے گئے ہیں اور انہوں نے اپنے جرم کا اعتراف بھی کر لیا ہے۔‘
ایک سوال کے جواب میں کہ پولیس کے پاس سوائے ملزمان کے جرم قبول کرنے کے اور کیا ثبوت ہیں تو محمد اقبال کا کہنا تھا ’میں نے ان چاروں ملزمان اور لڑکی کے ڈی این اے ٹیسٹ کے لیے نمونہ جات فرانزک لیب بھجوا دیے ہیں۔ جیسے ہی ڈی این اے ٹیسٹ کا نتیجہ آئے گا تو یہ ایک ناقابل تردید ثبوت ہو گا۔‘
خیال رہے کہ ریپ کی مبینہ شکار لڑکی کی والدہ حیات نہیں جبکہ ان کے والد ایک معمولی سرکاری ملازم ہیں۔
مبینہ ریپ کا یہ واقعہ راولپنڈی کے علاقے ڈھوک رتہ میلاد نگر میں پیش آیا۔ تھانہ رتہ امرال میں مقدمہ لڑکی کے والد کی شکایت پر درج کیا گیا ہے۔
-
واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ جوائن کریں