گیس فیلڈ کا منصوبہ سعودی عرب کے مشرقی علاقے میں ہے۔ فائل فوٹو: روئٹرز
دنیا میں تیل کی پیداوار اور برآمد کے لیے مشہور سعودی عرب ایک سو 10 ارب ڈالر کے نئے گیس فیلڈ منصوبے سے عالمی مارکیٹ میں گیس برآمد کرنے والا ملک بھی بن جائے گا۔
گیس کی صنعت کو دیکھنے والے ماہرین نے عرب نیوز کو بتایا ہے کہ سعودی عرب کے مشرقی علاقے میں گیس فیلڈ کے ایک سو دس ارب ڈالر کے منصوبے سے عالمی مارکیٹ میں نیا اضافہ ہوگا۔
عرب نیوز کے مطابق سعودی عرب میں دنیا کی سب سے بڑی غاور آئل فیلڈ کے جنوب مغرب میں واقع جفورا فیلڈ میں دو سو ٹریلین کیوبک فٹ خام گیس موجود ہے جو کہ یومیہ ایک لاکھ 30 ہزار بیرل ایتھین اور پانچ لاکھ بیرل گیس پیدا کر سکتی ہے۔
گذشتہ 22 برسوں میں جفورا فیلڈ سے سالانہ آٹھ ااعشاریہ چھ ارب ڈالر کی آمدنی پیدا ہوئی ہے۔ اس طرح جفورا ہر سال سعودی عرب کی مجموعی معاشی پیداوار میں 20 ارب ڈالر فراہم کرتا ہے۔
شہزادہ محمد بن سلمان نے احکامات جاری کیے ہیں کہ نئی گیس فیلڈ سے نکلنے والی گیس کو گھریلو استعمال کے لیے ترجیح دی جائے گی۔ تاہم تجزیہ کاروں کا ماننا ہے کہ اس فیلڈ سے اتنی گیس پیدا ہوگی جس کو برآمد بھی کیا جا سکے گا۔
نئی فیلڈ سے نکلنے والی گیس اب ممکنہ طور پر برآمدات اور گھروں میں بجلی پیدا کرنے استعمال کی جائے گی۔
گلوبل ڈیٹا نامی ادارے کی تجزیہ کار سومائیے داودی نے عرب نیوز کو بتایا کہ سعودی عرب میں اتنی استعداد ہے کہ وہ آنے والے برسوں میں برآمد کرنے کے لیے گیس پیدا کر سکتا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ سعودی آرامکو متعدد گیس پروسیسنگ پراجیکٹس مکمل کر کے کامیابی کے ساتھ کئی دہائیوں سے ممالکت کی گیس کی ضروریات پوری کر رہی ہے۔
’یہ کمپنی کچھ سالوں میں روزانہ کی بنیاد پر دو اعشاریہ پانچ ارب کیوبک فٹ گیس اپنے موجودہ پلانٹس میں پیدا کرے گی، جو کہ گیس کی یومیہ پیداواری صلاحیت کو 2022 تک بڑھا کہ 18 اعشاریہ نو ارب کیوبک فٹ کردے گی۔‘
سعودی عرب کی پیداواری صلاحیت میں اضافہ ایک ایسا وقت سامنے آ رہا ہے جب عالمی گیس مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
ماہرین کے مطابق گیس کی عالمی منڈی میں روس کے غلبے کو مصر، اسرائیل، قبرص، ترکی اور لبنان سے خطرہ ہے۔ ایک طویل عرصے سے روس یورپ کو گیس فراہم کرتا آ رہا ہے۔