پاکستان کرکٹ بورڈ اور پاکستان سپر لیگ فائیو کا انعقاد شائقین کے لیے خوشی کا باعث تو ہے مگر سوشل میڈیا صارفین تنقید بھی کر رہے ہیں۔ کہیں افتتاحی تقریب کے میزبان کی خامیاں بیان ہو رہی ہیں تو کہیں انتظامات سنبھالنے کے لیے انڈیا سے لوگوں کو بلانے کے الزامات لگائے جا رہے ہیں۔
اتوار کو ٹوئٹر پر ’پی سی بی جواب دو‘ کے نام سے ہیش ٹیگ چلا جس میں صارفین نے پاکستان کرکٹ بورڈ پر الزام عائد کیا ہے کہ انہوں نے پی ایس ایل کے انتظامات سنبھالنے انڈیا سے ایک سو 30 سے زائد افراد کو پاکستان بلایا۔

کچھ صارفین نے انڈیا سے مبینہ طور پر بلائے گئے افراد کے ناموں کی فہرست بھی ٹوئٹر پر ڈالی ہے۔ یہ فہرست کس حد تک درست ہے اس بارے میں کوئی آفیشل مؤقف سامنے نہیں آیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان سمیع الحسن برنی کے مطابق پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب کے انتظامات ایک نجی کمپنی کو دیے گئے تھے۔ اس تقریب کے انتظامات میں شامل افراد سے متعلق وہ کمپنی ہی بہتر معلومات فراہم کر سکتی ہے۔
سوشل میڈیا کی اس بحث میں ویڈیو بیان کے ذریعے نجی ٹی وی کے میزبان وقار ذکا نے سوال اٹھایا کہ ’آج کل کے حالات میں جب میڈیا والوں کو نوکریاں نہیں مل رہیں، کھانے کو نہیں ہے۔۔۔ میں حکومتِ پاکستان سے پوچھنا چاہوں گا کہ اس فہرست مین جتنے بھی نام نظر آ رہے ہیں یہ پاکستان میں کیوں آئے؟ کشمیر کا جو واقع ہے وہ بھول گئے، کشمیر کے لیے آواز اٹھانا چھوڑ دی؟ اپنے ملک والوں کو کام دینا چھوڑ دیا۔۔۔‘
Please #PCBjawabdo pic.twitter.com/B6v4qi7lF2
— Waqar Zaka (@ZakaWaqar) February 23, 2020