Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ہم زندہ ہیں‘، پہلگام حملے میں ہلاک لیفٹیننٹ ونے سے منسوب آخری ویڈیو کی اصلیت سامنے آگئی

یاشیکا شرما اور آشیش سہروات نے دعویٰ کیا کہ یہ ویڈیو ان کی ہے اور اس کا لیفٹیننت وینے کے آخری لمحات سے کوئی تعلق نہین۔ (فوٹو: سوشل میڈیا)
پہلگام حملے میں انڈیا کے ایک نیوی افسر لیفٹیننٹ ونے ناروال کی ہلاکت کے بعد ان سے منسوب ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جو جعلی ہے۔ 
انڈین میڈیا کے مطابق ونے ناروال کی حال ہی میں 16 اپریل کو شادی ہوئی تھی جس کے بعد وہ اپنی اہلیہ کے ساتھ ہنی مون کے لیے پہلگام میں موجود تھے جہاں ان کی حملے کے دوران ہلاکت ہوئی۔ 
گزشتہ روز انڈین میڈیا اور خاص کر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز ایکس، فیس بک، انسٹاگرام پر ایک ویڈیو کافی وائرل ہو رہی ہے جس میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ ’یہ لیفٹیننٹ ونے کی اپنی اہلیہ کے ساتھ آخری ویڈیو ہے۔‘
اس وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک شخص بالی وڈ اداکار شاہ رخ خان کا انداز اپنائے ہاتھ پھیلا رہا ہے اور اپنی اہلیہ کے ساتھ رقص کر رہا ہے۔ 
ایکس پر یہ ویڈیو ’لیفٹینینٹ ونے کے آخری لمحات‘ کے عنوان سے متعدد اکاؤنٹس پر شیئر کی جا چکی ہے۔ 
جمعرات کے روز ایکس پر سچن گپتا نامی انڈین صحفای نے پوسٹ میں ایک ویڈیو شیئر کی جس میں ایک خاتون اپنے شوہر کے ساتھ وضاحت پیش کر رہی ہیں کہ وہ دونوں زندہ ہیں اور ان کی پرانی ویڈیو کو لیفٹیننٹ ونے کی موت سے جوڑا جا رہا ہے۔ 

اس پوسٹ میں دیے گئے ناموں کو جب انسٹاگرام پر ڈھونڈا گیا تو یاشیکا شیش سہروات اور یاشیکا شرما سہروات نامی اکاؤنٹ سے ایک خاتون اور ان کے شوہر کی ویڈیو منظر عام پر آئی۔
 اس ویڈیو پیغام میں خاتون دعویٰ کر رہی ہیں کہ ’لیفٹیننٹ ونے سے منسوب کی جانے والی ویڈیو ان کی پرانی ویڈیو ہے اور اس کا حالیہ واقعے یا ونے ناروال سے کوئی تعلق نہیں۔‘
انسٹاگرام پر وضاحتی ویڈیو کے عنوان میں لکھا گیا کہ ’ہم زندہ ہیں، ہم ایک حالیہ ویڈیو کی جانب آپ سب کی توجہ مبذول کروانا چاہتے ہیں۔ متعدد انڈین پیجز اور میڈیا چینلز کی جانب سے اس ویڈیو کا غلط استعمال کیا گیا اور یہ دعویٰ کیا گیا کہ یہ ویڈیو لیفٹیننٹ وینے کے آخری لمحات ہیں۔‘
’ہم ونے ناروال کے خاندان سے اظہار تعزیت کرتے ہیں اور سب سے درخواست ہے کہ تمام پیجز کو رپورٹ کریں جو ہماری ویڈیو کا غلط استعمال کر رہے ہیں۔ یہ دیکھنا بہت حیران کن ہے کہ میڈیا چینلز ویوز کی خاطر کسی بھی ویڈیو کو بغیر تصدیق کیے نشر کر دیتے ہیں جس کے باعث خبروں پر یقین کرنا مزید مشکل ہو جاتا ہے۔‘ 

شیئر: