Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

برسوں بعد ساتھی کے 300 ریال لوٹا دیے

برسوں قبل دھوکے بازی سے ہتھیائی گئی رقم واپس کر دی( فوٹو،مز مز)
سعودی عرب میں ایک شخص نے برسوں بعد اپنے ساتھی کے 300 ریال لوٹا دیے۔ معذرت اور معافی نامے کے ساتھ لفافے میں برسوں قبل دھوکے سے لی گئی رقم بھی رکھ دی۔
عربی ویب نیوز ’مزمز‘ کے مطابق مملکت میں ایک شہری کا کہنا تھا کہ ’کوئی نامعلوم شخص میری گاڑی کے ہینڈل پر ایک لفافہ چسپاں کر گیا۔‘
انہوں نے کہا کہ ’لفافہ دیکھا تو اس میں ایک پرچہ اور 300 ریال موجود تھے۔ معذرتی خط میں تحریر تھا کہ میرے محترم امید کرتا ہوں آپ مجھے معاف کر دیں گے، 10 برس سے زیادہ  کا عرصہ ہوگیا، میں نے آپ کو دھوکہ دے کر آپ کے 300 ریال ہتھیا لیے تھے، آج میں اپنے ضمیر کے ہاتھوں مجبور ہو کر ماضی میں آپ سے لوٹی گئی رقم آپ کو واپس کر رہا ہوں، اس امید پر کہ آپ مجھے معاف کر دیں گے، اللہ آپ کی حفاظت اور عمر میں برکت عطا فرمائے‘۔

شہری کو گاڑی کے دروازے پر لفافہ ملا ( فوٹو، مز مزنیوز)

شہری کا کہنا تھا کہ ’خط اور اس میں رکھے نوٹ دیکھ کر مجھے کچھ یاد نہیں آیا تاہم جس نے بھی وہ لفافہ رکھا تھا، وہ میرے لیے ہی تھا کیونکہ مخاطب کرنے والے نے میرا نام بھی تحریر کیا تھا جس سے واضح ہوتا ہے کہ یہ میرے لیے ہی ہے۔‘
شہری کا کہنا تھا کہ ’اگرچہ رقم کوئی خاص نہیں تھی تاہم یہ اچھی بات ہے کہ وہ جو کوئی بھی تھا اس نے اللہ کے خوف سے سیدھی راہ اختیار کر نے کی ٹھانی ہے جو مستحسن اقدام ہے۔‘

شیئر:

متعلقہ خبریں