Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ کی انٹرنیشنل ٹریول اینڈ ٹورازم نمائش میں خاص کیا؟

بین الاقوامی طور پر سیاحت کو فروغ دینے کے لیے ہلٹن جدہ میں تین روزہ نمائش کا اہتمام کیا گیا۔ نمائش میں 30 ممالک سے سیاحت اور سفری انتظامات کرنے والی کمپنیوں نے خصوصی دعوت پر شرکت کی۔
نمائش کا افتتاح گورنر مکہ کے مشیر شہزادہ سعود بن عبداللہ جلوی نے کیا۔

گلابی نمک سعودی عرب میں پہلی مرتبہ متعارف کروایا گیا(فوٹو اردونیوز)

آرگنائزنگ کمیٹی کے ترجمان علی نایف البرکاتی نے بتایا کہ جدہ انٹرنیشنل ٹریول اینڈ ٹورازم نمائش کا یہ دسواں ایڈیشن ہے۔ نمائش میں حصہ لینے والے ممالک نے سٹالز پر اپنے اپنے ممالک کی ثقافت کو خوبصورت طریقے سے اجاگر کیا جسے حاضرین نے خوب لطف اٹھایا۔
نمائش کے پویلین میں دوسو سے زیادہ ائیرلائنز، ہوٹلز، ریزروٹس، ٹور آپریٹرز، رینٹ اے کار اور دیگر خدمات پیش کرنے کے ادارے موجود تھے۔ سیاحت، تعلیم، مہمات اور تعطیلات کے پروگراموں کے لیے سفر کی انتظامی کمپنیوں کی بھرپورشرکت کی۔

پاکستان انٹرنیشنل سکول کے بچوں کی پرفارمنس کو حاضرین نےسراہا۔(فوٹو اردوونیوز)

پاکستانی پویلین(ڈسکور پاکستان) کو قومی ائیرلائنز اور سیاحتی فروغ کے حوالے سے سجایا گیا، سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر راجہ علی اعجاز اور قونصل جنرل خالد مجید  نے افتتاحی روز پویلین کا دورہ کیا۔ اس موقع پر اردونیوز سے خصوصی بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس سے ہمیں اپنے ملک کی ثقافت دکھانے کا موقع میسر آیا ہے۔
اس ڈسکور پاکستان پویلین سے ہمیں اپنے ملک کے مختلف علاقوں کی اہم چیزیں اور ثقافت  دنیا کو دکھانے کا موقع ملا ہے اس سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہئیے۔ انہوں نے پویلین کا اہتمام کرنے پر انتظامیہ کو مبارکباد دی اور شکریہ ادا کیا۔

پویلین میں دوسو سے زیادہ  ادارے موجود تھے(فوٹو اردونیوز)

پاکستانی پویلین پر پنک سالٹ (گلابی نمک) کا سٹال خاص طور پر لگایا گیا جس کے بارے میں آنے والوں کو آگاہ کیا جاتا  کہ یہ خاص قسم کا نمک صرف پاکستان سے دریافت ہوا ہے اور اسے دیگر ممالک اپنی پروڈکٹس بتا کر پیش کر رہے ہیں۔
سٹال پر کارکن وقارچوہدری نے بتایا کہ ہم یہ پتھر کی شکل کا گلابی نمک سعودی عرب میں پہلی مرتبہ متعارف کروا رہے ہیں اورکھانے میں استعمال کے علاوہ اس کے دیدہ زیب ڈیکوریشن پیس بھی بنائے جاتے ہیں جس میں لیمپ یا گلدان اور کمرے کی سجاوٹ کے لیے دیگر چیزیں ہیں۔

نمائش میں 30 ممالک سے مختلف کمپنیوں نے شرکت کی (فوٹو اردونیوز)

اس موقع پر پاکستان انٹرنیشنل سکول کے بچوں نے خصوصی ٹیبلو پیش کیا جسے حاضرین نے بے حد سراہا۔ یہاں دیگر ممالک کے ثقافتی طائفوں نے بھی اپنے اپنے انداز میں ثقافتی پروگرام دکھا کر داد حاصل کی۔
ملائیشیا، انڈونیشیا ، ترکی، مصر، مالدیپ، نیپال، کویت، فلپائن، البانیہ، بوسنیا ہرزیگوینا اور دیگر ممالک کے ثقافتی سٹال موجود تھے۔ سعودی ائیرلائنز، کویت ائیرلائنز ، فلائی ناس اور کئی دوسری فضائی کمپنیوں نے منفرد انداز سے سٹال سجائے تھے۔

افتتاحی روز چالیس ہزار سے زائد خواتین و حضرات نے معلومات حاصل کیں(فوٹو اردونیوز)

نمائش میں افتتاحی روز چالیس ہزار سے زائد خواتین و حضرات نے تفریحی اور سیاحتی مقامات کی سیر کے لیے ٹریول اینڈ ٹورازم اور اخراجات کے حوالے سے بہت سی معلومات حاصل کیں۔
تین روزہ نمائش شام چار بجے سے رات گیارہ بجے تک جاری رہے گی، تمام اافراد کا داخلہ مفت ہے، یہاں پر خواتین و حضرات کے لیے انٹرنینشل ٹریول اینڈ ٹورازم کے حوالے سے دلچسپ، اہم اور منفرد معلومات حاصل کی جا سکتی ہیں۔
  • سعودی عرب کی خبروں کے لیے واٹس ایپ گروپ جوائن کریں

شیئر: