Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

 ’وزارت انصاف میں آن لائن شکایت کیسے درج کرائی جائے‘

درخواست مسترد ہونے کا سبب بھی پیغام میں درج ہوگا۔فوٹو: سوشل میڈیا
سعودی وزارت انصاف نے مقامی شہریوں اور یہاں مقیم غیر ملکیوں کو آن لائن شکایت درج کرانے کی سہولت مہیا کی ہے۔ 
ایسے مقدمات جو عدالتوں کے ذریعے ہی نمٹائے جاسکتے ہیں ان کی بابت وزارت انصاف کی ویب سائٹ پر جاکر شکایت درج کرائی جاسکتی ہے۔
مزمز ویب سائٹ کے مطابق شکایت درج کرانے کا طریقہ کار سادہ اور آسان ہے۔ نو نکات پر عمل کرکے شکایت درج کرائی جاسکتی ہے۔
سب سے پہلے وزارت انصاف کی ویب سائٹ کو وزٹ کیا جائے۔ وزارت کی ویب سائٹ کے مین پیج سے آن لائن خدمات کی فہرست کا انتخاب کیا جائے۔ دعویٰ والے صفحے کا انتخاب کیا جائے۔

وزارت انصاف کی ویب سائٹ پر جاکر شکایت درج کرائی جاسکتی ہے۔فوٹو: سوشل میڈیا

 اگلے مرحلے میں مدعی مطلوبہ بیانات کا اندراج کرے۔اس کے بعد دعوے کی زمرہ بندی اور عدالت کاانتخاب کیا جائے۔
اس پیج پر مدعی کے حوالے سے بعض معلومات مطلوب ہوں گی مثال کے طور پر مدعی کا نام، شناختی کارڈیا اقامہ نمبر ، ملازمت والے ادارے کا نام ، اس کا پتہ، رہائش کا پتہ، مراسلت کا پتہ، ٹیلیفون نمبر ، ای میل ایڈریس، وکلا کے نام درج کرنا ہوں گے۔ اس کے بعد ’التالی‘ (نیکسٹ) پر پش کرنا ہوگا۔
دوسرے صفحے پر مدعی کو مدعا علیہ سے متعلق تمام معلومات کا اندراج کرنا ہوگا اور اس کے بعد ’التالی‘ کو پش کرنا ہوگا۔
تیسرے صفحے پر مدعی کو دعوے سے متعلق معلومات کا اندراج کرکے پھر التالی کو پش کرناہوگا۔
آخری صفحے پر مدعی کو آن لائن شکایت محفوظ کرکے اس کا پرنٹ نکالنا ہوگا تاکہ ضرورت پڑنے پر عدالت میں پیش کیا جاسکے۔
کارروائی کے بعد آن لائن شکایت کے اندراج کا عمل مکمل ہوجائے گا۔ ایک پیغام سامنے آئے گا کہ درخواست قبول یا مسترد کردی گئی ہے۔ 
مطلوبہ معلومات کے اندراج میں غلطی پر درخواست مسترد ہوجائے گی۔ درخواست مسترد ہونے کا سبب بھی پیغام میں درج ہوگا۔
وزارات انصاف کے مطابق شکایت درج کرانے کے بعد مدعی اس بات کا بھی پتہ آن لائن لگا سکے گا کہ اس کا معاملہ کہاں تک پہنچا۔

شیئر: