Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

 سعودی کابینہ: ’احتیاطی تدابیر زائرین کی سلامتی کے لیے ہیں‘

کابینہ نے کورونا کے پھیلاﺅ کو روکنے کے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی کابینہ نے کورونا وائرس کے پھیلاﺅ کو روکنے اوروائرس سے بچانے کے لیے کیے گئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
کابینہ نے حفاظتی انتظامات پر نظر ثانی کرتے رہنے کا عزم بھی ظاہر کیا ہے۔
منگل کو ریاض کے قصر یمامہ میں ہونے والے اجلاس کی صدارت خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے کی۔

اجلاس کی صدارت خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے کی (فوٹو: ایس پی اے)

سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق سعودی کابینہ نے توجہ دلائی  کہ مملکت نے کورونا وائر س سے بچاﺅ کے لیے جو حفاظتی تدابیر کی ہیں وہ سعودی شہریو ں، مقیم غیر ملکیوں اور عمرہ یا مسجد نبوی کی زیارت یا سیر و سیاحت کے لیے آنے والے تمام افراد کی انتہا درجے سلامتی کو یقینی بنانے والے انتظامات کا حصہ ہیں۔
سعودی کابینہ نے واضح کیا کہ سعودی عرب نے کورونا وائرس سے متعلق جو حفاظتی انتظامات کیے ہیں وہ صحت اداروں کی سفارشات پر کیے گئے ہیں۔ ’یہ وائرس پوری دنیا میں پھیل رہا ہے۔ اس سے بچاﺅ کے لیے پیشگی تدابیر ضروری تھیں۔‘
سعودی کابینہ نے اطمینان دلایا کہ کورونا وائرس سے متعلق جو اقدامات کیے گئے ہیں متعلقہ حکام ان پر مسلسل نظر ثانی کرتے رہیں گے۔
’سعودی عرب نے یہ اقدامات کورونا وائرس کے پھیلاﺅ کو روکنے کے لیے بین الاقوامی انتظامات کی تائید و حمایت کے جذبے سے بھی کیے ہیں۔

کابینہ نے اطمینان دلایا کورونا سے متعلق اقدامات پر نظر ثانی کرتے رہیں گے (فوٹو: ایس پی اے)

سعودی کابینہ نے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے سرکاری اداروں، محکمہ شہری ہوابازی اوروزارت داخلہ کے تعاون سے وزارت صحت کی کاوشوں کی تعریف کی۔ 
وزیر مملکت و رکن کابینہ و قائم مقام وزیر اطلاعات ڈاکٹر عصام بن سعد بن سعید نے اجلاس کے بعد ایس پی اے کو بتایا کہ کابینہ نے کورونا وائرس کے پھیلاﺅ کو روکنے کے لیے عرب ممالک کے درمیان تعاون کو ضروری قرار دیا ہے۔ 
عرب وزرائے صحت نے اس حوالے سے قاہرہ میں 53 واں اجلاس کرکے کورونا وائرس کے سدباب کے لیے مشترکہ تعاون کی سفارش کی تھی۔

کابینہ نے ن عرب ممالک کے درمیان تعاون کو ضروری قرار دیا۔ ہے (فوٹو: ایس پی اے)

سعودی کابینہ نے اقوام متحدہ میں انسانی حقوق کونسل کے سامنے رکھے گئے سعودی عرب کے اس مطالبے کو دہرایا جس میں کہا گیا تھا کہ عالمی برادری فلسطینی عوام کو انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے بچانے کے لیے فوری اقدامات کرے۔
فلسطینیوں کے خلاف انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر قابض اسرائیلی افواج کا احتساب کرے۔ اسرائیل کو بین الاقوامی قانون کے احترام کا پابند بنائے۔ اسرائیل سے متعلقہ بین الاقوامی قراردادیں نافذ کرائے۔
سعودی کابینہ نے دیوالیہ قانون میں ترامیم کی بھی منظوری دے دی۔
کابینہ نے توجہ دلائی کہ سعودی عرب دنیا بھر میں قدرتی آفات اور خانہ جنگیوں سے متاثرین کو انسانی امداد سیاسی، جغرافیائی اور مذہبی نیز نسلی وابستگیوں سے بالا ہوکر پیش کرتا ہے۔

شیئر: