خلیجی ممالک سے آنے والے مسافروں کے لیے نئی احتیاطی تدابیر
خلیجی ممالک سے آنے والے مسافروں کے لیے نئی احتیاطی تدابیر
منگل 3 مارچ 2020 18:19
ٹریول ہسٹری کے بارے میں سرحدی چوکی پر رپورٹ دینا لازمی ہو گی (فوٹو: ٹوئٹر)
سعودی وزارت داخلہ نے نئے کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر میں مزیداضافہ کرتے ہوئے متعدد اقدامات کی منظوری کا اعلان کیا ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق وزارت داخلہ کے ذمہ دار ذرائع کا کہنا ہے کہ سرحدی چوکیوں کے ذریعے آنے والے مسافروں کے لیے جو ایسے ممالک سے سے آرہے ہوں جہاں کورونا وبائی صورت اختیار کرچکا ہے اضافی احتیاطی تدابیراختیار کرتے ہوئے ان پرعمل در آمد کو یقینی بنایا گیا ہے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ ’اضافی احتیاطی تدابیر کے ذریعے اس امر کو یقینی بنایا جا رہا ہے کہ کوئی متاثرہ شخص مملکت میں داخل نہ ہوسکے۔‘
متعلقہ اداروں کی جانب سے احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے مندرجہ ذیل نکات کی وضاحت کی گئی ہے جو خلیجی ممالک کے متعلقہ اداروں کے تعاون سے وضع کیے گئے ہیں۔
خلیجی ممالک سے مملکت آنے والے افراد خواہ وہ سعودی شہری ہوں یا مقیم غیر ملکی ان کی ٹریولنگ ہسٹری کے بارے میں سرحدی چوکی پر تفصیلی رپورٹ دینا لازمی ہو گی۔
مملکت اور خلیجی ممالک میں اس حوالے سے معاملات طے پائے ہیں تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ مسافر نے گزشتہ دو ہفتوں کے دوران ان ممالک کا سفرتو نہیں کیا جہاں کورونا وائرس وبائی صورت اختیار کر چکا ہے۔
مسافر اگر جی سی سی ممالک کے شہری، ریاستوں میں رہنے والے غیر ملکی یا ٹرانزٹ پر ہوں انہیں براہ راست مملکت آنے کی اجازت نہیں ہو گی ۔ انہیں 14 دن کی مقررہ مدت نگرانی میں گزارنا ہوگی۔
ان مسافروں کو یہ بھی واضح کرنا ہو گا کہ وہ کن ملکوں کا سفر کر چکے ہیں اور کہاں سے ہوتے ہوئے مملکت آرہے ہیں۔ ایسے مسافروں کا مکمل طبی معائنہ کیا جائے گا۔ مملکت میں قانون نافذ کرنے والے ادارے بھی خلیجی ممالک کے اداروں کے ساتھ اس حوالے سے مکمل تعاون کریں گے۔