Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مکہ: مسجدالحرام کا کولنگ سسٹم جراثیم سے مکمل صاف

ہوا کو الٹرا وائلٹ شعاعوں سے صاف کیا جاتا ہے ( فوٹو: سبق نیوز)
ادارہ امور حرمین شریفین کا کہنا ہے کہ مسجد الحرام میں نصب ایئر کنڈیشنگ سسٹم سے خارج ہونے والی ہوا 100 فیصد صاف ہوتی ہے۔
ایئر کنڈیشنگ سسٹم کو خاص طور پر اس طرح تیار کیا گیا ہے کہ اس سے خارج ہونے والی ٹھنڈی ہوا میں کسی قسم کے جراثیم کے پیدا ہونے کا امکان نہیں ہوتا۔
امور حرمین شریفین کے ادارے کے حوالے سے ویب نیوز’سبق‘ نے تفصیلی معلوماتی مضمون میں لکھا کہ ’مسجد الحرام کے ایئرکنڈیشنگ پلانٹس میں ایسے فلٹرز لگائے گئے ہیں جن میں سے ہوا 9 مراحل سے گزر کر مسجد کی فضا میں پھیلتی ہے۔

ایئرکنڈیشنزکے فلٹرز کی روزانہ صفائی کی جاتی ہے (فوٹو: سبق نیوز)

ائیر کنڈیشنگ سسٹم میں نصب فلٹروں سے’الٹراوائلٹ‘ شعاعوں کے ذریعے ہوا کوصاف کیا جاتا ہے تاکہ ہر قسم کے جراثیم کا خاتمہ کیا جا سکے۔
کولنگ سسٹم کو اس طرح بنایا گیا ہے کہ بڑے بڑے ہوا کے پنکھوں کے ذریعے ہوا کو سسٹم میں داخل کیا جاتا ہے جو مختلف فلٹروں سے گزرتی ہوئی کولنگ سسٹم کی’ فنس‘ تک پہنچتی ہے جہاں نمی اور جراثیموں کے مکمل خاتمے کے بعد خارج ہونے والی ٹھنڈی ہوا فضا میں پھیلتی ہے۔
کولنگ سسٹم میں نصب فلٹروں کی یومیہ بنیادوں پر صفائی کی جاتی ہے جس سے کسی قسم کے جراثیم کے پیدا ہونے کا امکان مکمل طور پر ختم ہو جاتا ہے۔
ایئر کنڈیشنز سے خارج ہونے والی ہوا کو مختلف مراحل سے گزرانے کے لیے نصب ’چلر‘ پلانٹس میں خاص طور پر جراثیم کش مرحلے کا اہتمام کیا گیا ہے جو مختلف مراحل پر مشتمل ہوتا ہے۔

  فلٹرزہر قسم کے جراثیموں کا خاتمہ کرنے کی اہلیت رکھتے ہیں (فوٹو، سبق )

ہوا کوصاف اور جراثیموں سے محفوظ رکھنے کے لیے کیے جانے والے مراحل کا بنیادی مقصد زائرین کو ہر قسم کے جراثیموں سے محفوظ اور ماحول کو پرفضا رکھنا ہے۔
واضح رہے کہ مسجد الحرام میں نصب ایئر کنڈیشنگ پلانٹس کا شمار دنیا کے سب سے بڑے پلانٹس میں ہوتا ہے۔ مکہ کے حرم کے لیے 2 پلانٹس ہیں جن میں سے ایک پلانٹ اجیاد کے علاقے میں لگایا گیا ہے جس کی گنجائش 35300 ٹن ہے جبکہ دوسرا پلانٹ مرکزی علاقے میں نصب کیا گیا ہے جس میں مزید توسیع کی جا رہی ہے۔ دوسرے پلانٹ کی گنجائش 1 لاکھ 20 ہزار ٹن ہے۔

شیئر: