فواد رانا پی ایس ایل میں نظر نہیں آ رہے
منگل 10 مارچ 2020 17:41
زبیر علی خان -اردو نیوز، اسلام آباد
ٹیم قلندرز کی کارکردگی پر فواد رانا کا ردعمل شائقین میں کافی مقبول ہے۔
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سے کئی نوجوان کھلاڑی بہتر کارکردگی پر پاکستان ٹیم کا حصہ بنے میں کامیاب ہوئے ہیں اور اب ٹیم کا اہم حصہ بن چکے ہیں۔
نہ صرف نوجوان کھلاڑی بلکہ فرنچائیزز (ٹیم) کے مالکان کے لیے بھی پی ایس ایل ان کی وجہ شہرت بنی ہے۔ ٹیم مالکان میں کچھ نام تو جانے پہچانے تھے اور کچھ ایسے چہرے تھے جن کو پی ایس ایل سے قبل اتنی شہرت حاصل نہیں تھی جتنی لیگ میں شمولیت کے بعد ان کو ملی ہے۔
بالکل اسی طرح پی ایس ایل کے پہلے سیزن سے قبل بہت کم لوگ لاہور قلندرز کے مالک فواد رانا کے بارے جانتے ہوں گے لیکن اب ان کے بغیر پی ایس ایل ادھورا سا لگتا ہے۔
لاہور قلندرز کے میچ کے دوران اپنے جذبات کا منفرد انداز میں اظہار اور کرکٹ کے ساتھ لگاؤ کے سبب فواد رانا پاکستان سپر لیگ میں ایک ’انٹرٹینمنٹ فیکٹر‘ بن چکے ہیں۔ ملک میں شاید ہی کوئی کرکٹ کا پرستار ہوگا جو ان کے اب جانتا نہ ہو۔
لاہور قلندرز کی پی ایس ایل کے گذشتہ چار سیزن میں مایوس کارکردگی کے باوجود بڑی تعداد میں شائیقین لاہور قلندرز کو سپورٹ کرتے ہیں جس کی ایک وجہ یقینی طور پر ٹیم کے مالک فواد رانا بھی ہیں۔
ٹیم قلندرز کی کارکردگی پر فواد رانا کا ردعمل شائقین میں کافی مقبول ہے۔
سوشل میڈیا صارفین لاہور قلندرز کے مالک فواد رانا کی گذشتہ سیزنز کے میچز کے دوران کی ویڈیوز رواں سیزن میں بھی شیئر کر رہے ہیں۔ جس سے یہ اندازہ لگانا مشکل نہیں کہ فواد رانا کی کمی شائقین کرکٹ اس سیزن میں بھی محسوس کر رہے ہیں۔
ٹوئٹر صارفین جہاں فواد رانا کی پرانی ویڈیوز شیئر کر رہے ہیں وہیں لاہور قلندرز کے مالک کے ساتھ محبت کا اظہار بھی کرتے نظر آتے ہیں۔
ایک ٹوئٹر صارف نے فواد رانا کی تصویر شیئیر کرتے ہوئے لکھا ’فواد رانا بین ڈنک کے چھکے دیکھتے ہوئے۔‘
منہاج الدین نے سٹیڈیم میں میچ دیکھتے ہوئے شائقین کی تصویر شیئر کی جس میں شائقین نے پشاور زلمی کی کٹ پہنی ہوئی ہے اور ہاتھ میں پلے کارڈ اٹھایا ہے جس پر لکھا ہےکہ ’ہمیں تم سے بھی پیار ہے۔‘
اریبہ خان نامی ٹویٹر صارف نے فواد رانا کی جشن مناتے ہوئے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے رواں سیزن میں ان کی کمی محسوس کرنے کا اظہار کیا ہے۔
فواد رانا گذشتہ چاروں سیزن میں لاہور قلندرز کے میچز کے دوران گراؤنڈ میں نظر آئے لیکن رواں سیزن میں لاہور قلندرز کے مالک اپنی ٹیم کے ہمراہ گراؤنڈ میں نظر نہیں آئے۔
اردو نیوز سے فواد رانا سے رابطہ کرنے کی کوشش کی لیکن ان سے رابطہ نہیں ہو سکا تاہم اس حوالے سے لاہور قلندرز کے چیف ایگزیگٹو آفسر عاطف رانا نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’فواد رانا اپنی مصروفیات کی وجہ سے پی ایس ایل کے رواں سیزن میں پاکستان نہیں آئے۔ ان کو کاروباری مصروفیات ہیں اور دیگر منصوبوں میں مصروف ہیں اس لیے وہ قطر میں ہی موجود ہیں۔‘
عاطف رانا نے کہا کہ فواد رانا پاکستان میں رہتے ہی نہیں ہیں وہ قطر میں ہی رہائش رکھتے ہیں، صرف دیگر پراجیکٹس میں مصروفیت کے باعث وہ پی ایس ایل کے میچز کے دوران گراؤنڈ میں نظر نہیں آتے۔‘
عاطف رانا نے کہا کہ ’لاہور قلندرز کی کارکردگی بہتر ہو یا نہ ہو فواد رانا ہمیشہ خوش ہی رہتے ہیں ان کی طرف سے اب بھی ٹیم کے لیے نیک تمنائے اور دعائیں ہیں، حالیہ کارکردگی پر انہوں نے کوئی خاص بات چیت بھی نہیں کی۔‘