وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پاکستانی فضائیہ کا ایک ایف 16 طیارہ گر کر تباہ ہو گیا ہے۔ حادثے میں پائلٹ ونگ کمانڈر نعمان اکرم ہلاک ہو گئے ہیں۔
بدھ کی صبح تقریباً 10 بج کر 55 منٹ پر اسلام آباد میں یہ طیارہ اس مقام کے قریب گرا ہے جہاں پر 23 مارچ کو یوم پاکستان کی تقریبات منعقد ہوا کرتی ہیں۔ اس جگہ زیادہ آبادی نہیں ہے۔
پاکستان فضائیہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق جنگی طیارہ ایف سولہ 23 مارچ کو منعقد ہونے والی یوم پاکستان کی تقریبات کے حوالے سے تیاریوں میں شریک تھا کہ شکر پڑیاں کے قریب گر کر تباہ ہو گیا۔ بیان کے مطابق اس حادثے کی تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے۔
اسلام آباد میں پاکستانی فضائیہ کا ایک طیارہ گر کر تباہ
مزید تفصیل یہاں پڑھیں: https://t.co/A3sk8GEEJ1#Islamabad #PAF pic.twitter.com/p7L6RPeRGe
— Urdu News (@UrduNewsCom) March 11, 2020
اس سے قبل پاکستانی فضائیہ کے ترجمان ایئر کموڈور احمر رضا نے اردو نیوز کو پاکستانی فضائیہ کے طیارے کے حادثے کی تصدیق کی تھی۔
پاکستان فضائیہ کے ترجمان نے اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ حادثے کا شکار ہونے والے طیارے کے پائلٹ نعمان اکرم ہلاک ہو گئے ہیں۔

ونگ کمانڈر نعمان اکرم ایئرفورس کی جانب سے ہونے والے انٹرا سکواڈرن آرمامنٹ کمپیٹیشن 2019 میں سب سے زیادہ پوائنٹس حاصل کر کے فاتح رہے تھے جس پر انہیں شیرافگن ٹرافی دی گئی تھی۔
قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار اور فضائیہ کی ٹیمیں جائے وقوع پر پہنچ گئی ہیں۔
جہاں طیارہ گر کر تباہ ہوا وہاں سے کچھ دور موجود عینی شاہدین نے بتایا کہ انہوں نے ایک جنگی جہاز کو سیکٹر جی سکس کے اوپر سے پرواز کرتے دیکھا۔ ایک عینی شاہد نے بتایا کہ ’اچانک جہاز کا رخ نیچے کی جانب ہو گیا اور ہمیں لگا کہ یہ معمول کی بات ہے۔ لیکن جہاز دوبارہ اوپر نہیں آیا اور چند سکینڈز بعد اس جگہ سے دھوئیں کے بادل اٹھتے ہوئے دکھائی دینا شروع ہوگئے۔‘
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ان دنوں یوم پاکستان کی تقریبات کی تیاریوں کے حوالے سے فضائیہ کے جنگی طیارے مشقیں کر رہے ہیں۔
