پاکستان سپر لیگ فائیو کے کراچی میں کھیلے گئے 26 ویں میچ میں کراچی کنگز نے یک طرفہ مقابلے میں لاہور قلندرز کو 10 وکٹوں سے شکست دے دی۔
کراچی کنگز نے 151 رنز کا ہدف بغیر کسی نقصان کے اٹھارہویں اوور کی پہلی گیند پر حاصل کر لیا۔ اوپنرز بابر اعظم اور شرجیل خان نے عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے لاہور قلندرز کے بولرز کو بے بس کر دیا اور نصف سنچریاں سکور کیں۔
شرجیل خان نے 74 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی جس میں پانچ چھکے اور پانچ چوکے شامل تھے جبکہ بابر اعظم نے 69 رنز بنائے جس میں آٹھ چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔
۔مزید پڑھیں
-
چینی روٹی: ’کلچرڈ گینگ آپ کو اپنا حصہ بنانے کو تیار ہے‘Node ID: 463241
-
’یہ آفریدی کی دنیا ہے، ہم محض تماشائی ہیں‘Node ID: 463421
-
لاہور قلندرز کی جیت: پٹیل، لین اور ڈنک نہیں تو پھر کون؟Node ID: 464201
اس سے قبل لاہور قلندرز نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 150 رنز بنائے۔ اوپنر فخر زمان 17 رنز بنانے کے بعد عمید آصف کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ کرس لین صرف پانچ سکور بنا کر ارشد اقبال کی بال پر افتخار احمد کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔
لاہور قلندرز کے خطرناک بلے باز بین ڈنک صرف نو رنز بنانے کے بعد عمید آصف کی بال پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ کپتان سہیل اختر 49 بالز پر 68 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔
سیمت پٹیل صرف پانچ رنز بنانے کے بعد جارڈن کا شکار بنے۔ بابر اعظم نے ان کا کیچ لیا۔ کراچی کنگز کی جانب سے ارشد اقبال اور عمید آصف نے دو دو جبکہ جارڈن نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ واضح رہے کہ کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر لاہور قلندرز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔
کراچی کنگز کے شرجیل خان کو 74 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔
لاہور قلندرز کے خلاف کراچی کنگز کی کامیابی کے بعد کراچی کنگز پوائنٹس ٹیبل پر نو میچز کھیل کر نو پوائنٹس کے ساتھ دوسری پوزیشن پر آگئی ہے۔ ملتان سلطان آٹھ میچز کھیل کر 12 پوائنٹس کے ساتھ بدستور سرفہرست ہے۔ پشاور زلمی نو میچز کے بعد نو پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے جبکہ لاہور قلندرز نو میچوں کے بعد آٹھ پوائنٹس کے ساتھ چوتھی پوزیشن پر ہے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ نے بھی نو میچز کھیلے ہیں جن میں اس کے سات پوائنٹس ہے اور وہ پانچویں نمبر پر ہے جبکہ دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم نو میچز کے بعد سات پوائنٹس کے ساتھ چھٹی اور آخری پوزیشن پر ہے۔
کرکٹ شائقین ہی نہیں بلکہ سوشل میڈیا صارفین بھی منتظر تھے کہ چند روز قبل لاہور میں کراچی کنگز کو شکست دینے والے قلندرز کراچی میں یہ کارکردگی دہرا سکیں گے یا کنگز اپنے ہوم گراؤنڈ کا فائدہ اٹھاتے ہوئے گذشتہ شکست کا بدلہ چکائیں گے۔
سوشل میڈیا صارفین دونوں ٹیموں کے مقابلے کو پی ایس ایل کا سب سے بڑا میچ قرار دیتے ہوئے منتظر تھے کہ کراچی کنگز کے خلاف گذشتہ میچ میں چھکوں کی برسات کرنے اور وننگ شاٹ کھیلنے والے قلندر بین ڈنک اپنا سکہ جماتے ہیں یا اپنے کیریئر کی بہترین فارم رکھنے والے کنگز کے بابر اعظم جادو جگاتے ہیں۔
بین ڈنک نے کراچی کے خلاف گذشتہ میچ میں 40 گیندوں پر 99 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی تھی جس میں 12 چھکے شامل تھے۔
گذشتہ میچ کے بعد بین ڈنک کا ایک مختصر ویڈیو کلپ بھی وائرل ہوا تھا جس میں وہ شائقین کو مخاطب کرتے ہوئے پنجابی میں پوچھتے ہیں ’ہور کج ساڈے لائق۔‘ اس ویڈیو کلپ پر ناصرف لاکھوں ویوز آئے بلکہ 13 ہزار سے زائد لائکس اور ری ٹویٹس بھی ہوئے تھے۔
LAHORE!
BEN DUNK has a question for you! #LQvKK #HBLPSLV pic.twitter.com/5ElYgk9vA2
— PakistanSuperLeague (@thePSLt20) March 8, 2020
کراچی کنگز کی جانب سے ’لاہور قلندرز کے خلاف آٹھویں جنگ‘ کے لیے تیار ہونے کا اعلان کیا گیا تھا۔
اس مقابلے کو بڑی جنگ قرار دینے میں کراچی کنگز اکیلے نہیں بلکہ کرکٹ شائقین بھی ایسا ہی سمجھتے ہیں۔ ہانی راجپوت نامی ہینڈل نے لکھا کہ ’پی ایس ایل فائیو دیکھنے کی وجہ مینار پاکستان بمقابلہ سی ویو ہے۔ ایک حقیقی جنگ۔‘
کراچی کنگز کے فینز کو توقع ہے کہ بابر اعظم اس میچ میں کچھ نیا کریں گے۔ فوزان نامی صارف نے اپنی ٹویٹ میں اسی امید کا اظہار کیا کہ بابر اعظم، بین ڈنک کا ریکارڈ توڑ دیں گے۔
آج کے میچ کے بعد گروپ سٹیج میں لاہور قلندرز کا ایک جب کہ کراچی کنگز کے دو میچز باقی رہ جائیں گے۔ گروپ مرحلے کی ٹاپ فور ٹیمیں پلے آف مرحلے کے لیے کوالیفائی کریں گی۔ پلے آف کے مقابلے کراچی اور لاہور میں منعقد کیے جائیں گے۔
-
واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ جوائن کریں