Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’یہ آفریدی کی دنیا ہے، ہم محض تماشائی ہیں‘

شاہد آفریدی پی ایس ایل کی مختلف ٹیموں کی جانب سے کھیل چکے ہیں (فوٹو سوشل میڈیا)
پی ایس ایل پوائنٹس ٹیبل پر پہلے اور چوتھے نمبر کی ٹیموں کا میچ ویسے بھی خاص ہوتا ہے لیکن بارش سے متاثر ہونے والے حالیہ میچ میں شائقین بوم بوم آفریدی کی کارکردگی سے زیادہ متاثر نظر آئے۔
پی ایس ایل فائیو میں ملتان سلطانز اور کراچی کنگز کے پہلے ٹاکرے میں کامیابی شاہد آفریدی کی ٹیم ملتان کے حصے میں آئی تھی۔ بارش متاثر نہ کرتی تو بہت سے شائقین توقع کر رہے تھے کہ اس بار بھی نتیجہ یہی رہے، جب کہ کراچی کو فاتح دیکھنے والوں کی بھی کمی نہیں تھی۔
ملتان سلطانز کی اننگز سے محسوس بھی یہی ہو رہا تھا کہ اس بار وہ کراچی کنگز کو فتح کا بھرپور موقع دے رہے ہیں۔ بیٹنگ کی دعوت ملنے کے بعد 17 اوورز کے کھیل میں محض 102 رنز بنانے والے ملتان سلطانز کی مجموعی کارکردگی تو نہیں البتہ لالہ کہلائے جانے والے شاہد آفریدی کی جارحانہ بیٹنگ اور اس دوران کی گئی فیلڈنگ شائقین کے من کو خوب بھائی۔
متعدد سوشل میڈیا صارفین نے شاہد آفریدی کا ایک وڈیو کلپ شیئر کیا جس میں وہ بولر کی پھینکی گئی گیند کھیلتے ہیں، بلے سے ٹکرانے کے بعد گیند پچ سے دور جانے لگتی ہے، وکٹوں کے پیچھے موجود کیپر آگے بڑھتے ہیں کہ گیند اٹھا سکیں، اس سے پہلے ہی شاہد آفریدی اپنا بیٹ آگے بڑھا کر گیند روکتے اور ہاتھ سے اٹھا کر بولر کی جانب پھینک دیتے ہیں۔
ایم جے مککلینیگن اور عمر خان کو شاہد آفریدی کے چھکوں نے سوشل میڈیا صارفین کو خوب محظوظ کیا۔ اس کا ثبوت ان شاٹس کی تصاویر اور وڈیوز شیئرنگ کی صورت سوشل میڈیا ٹائم لائنز پر نمایاں رہا۔

پاکستان سپر لیگ کے آفیشل ہینڈل نے بھی آفریدی کے ایک چھکے کی وڈیو شیئر کی جس پر شائقین نے اپنے پسندیدہ کھلاڑی کو خوب سراہا۔
ڈینس ڈز پی ایس ایل کے ہینڈل سے کرکٹ کمنٹری کرنے والے غیرملکی وی لاگر نے بھی آفریدی کی پرفارمنس پر متعدد ٹویٹس کیں۔ اپنی ایک ٹویٹ میں انہوں نے لکھا کہ ’یہ آفریدی کی دنیا ہے جہاں ہم محض تماشائی ہیں۔‘

شاہد آفریدی کی جارحانہ بیٹنگ کے دوران بارش ٹپکنے نے مزا کرکرا کیا تو شائقین کے ساتھ ٹیمیں بھی اس پر مایوسی کا اظہار کرتی رہیں۔ ملتان سلطانز کے ہینڈل نے ٹویٹ کیا کہ ’لالہ نے موڈ بنایا تو بارش آ گئی۔‘

زی نامی ایک صارف نے بھی شاہد آفریدی کے کھیل کو اپنے تبصرے کا موضوع بنایا۔ انہوں نے لکھا ’اس لڑکے کو لائیو کھیلتے دیکھنے سے زیادہ تسلی بخش کچھ نہیں ہے۔‘

بارش نے کراچی کنگز اور ملتان سلطانز کا میچ نتیجہ خیز تو نہیں ہونے دیا البتہ 17 گیندوں پر 35 رنز کی اننگز کے دوران آفریدی کے رنز اگلتے بیٹ نے انہیں مایوس نہیں ہونے دیا۔
بارش سے روکے جانے والے میچ کی وجہ سے دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دیا گیا جس کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ملتان سلطانز کے پوائنٹس 9 ہو گئے جب کہ چوتھے نمبر پر موجود کراچی کنگز کے سات پوائنٹس ہیں۔
  • واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ جوائن کریں

شیئر: