Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فرانس: کورونا کے باوجود انتخابات میں پولنگ

صدر ایمانوئیل میخواں نے کہا ہے کہ ملک میں جمہوری عمل کے تسلسل کے لیے ضروری ہے کہ میئرز کے انتخابات وقت پر ہوں۔ فوٹو: اے ایف پی
فرانس میں کورونا کے پھیلنے کے خوف کے باوجود ملک بھر میں لوگ مقامی حکومتوں کے الیکشن میں ووٹ ڈال رہے ہیں۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اتوار کو جاری پولنگ میں عوام اپنے مقامی بلدیاتی نمائندوں کا انتخاب کر رہے ہیں تاہم کئی ووٹرز وائرس کا شکار ہونے کے ڈر سے گھروں سے نہیں نکلے۔
اے ایف پی کے مطابق دو مرحلوں پر مشتمل مقامی نمائندوں کا الیکشن صدر ایمانوئیل میخواں کے لیے انتہائی اہم ہے جنہوں نے کہا ہے کہ ملک میں جمہوری عمل کے تسلسل کے لیے ضروری ہے کہ میئرز اور میونسپل کونسلز کے انتخابات وقت پر ہوں۔ فرانس میں بہت سے لوگوں نے ایسے وقت میں الیکشن کے انعقاد پر سوال اٹھائے ہیں جب ملک میں چرچ اور سکولوں کو بند کیے جانے سمیت عوامی اجتماعات پر پابندی عائد کی جا چکی ہے تاہم فرانس کے وزیر داخلہ نے اپنی حکومت کے فیصلے کا دفاع کیا ہے۔

 

ان کا کہنا ہے کہ ہر پولنگ سٹیشن پر اوسطا ایک ہزار کے لگ بھگ ووٹرز ہوں گے۔
فرانس میں اب تک 91 افراد کورونا وائرس کا شکار ہو کر ہلاک ہو چکے ہیں۔
واضح رہے کہ فرانس کی حکومت نے سنیچر کو غیر ضروری عوامی مقامت کو بند کرنے کا حکم جاری کیا تھا جن میں کیفے، ریستوران، سینیما اور جم شامل ہیں۔
اے ایف پی کے مطابق میونسپل حکام نے ووٹرز کو وائرس سے بچانے کے لیے مختلف اقدامات کیے ہیں جن میں ووٹرز کا آپس میں مناسب فاصلہ اور ووٹنگ بوتھ کو بار بار صاف کیے جانے سمیت داخلے دروازوں پر سینیٹائزر بھی دیے جائیں گے۔
اے ایف پی کے مطابق برطانیہ نے مئی میں منعقد ہونے والے مقامی حکومتوں کے انتخابات کو وائرس کی وجہ سے ایک سال تک ملتوی کر دیا ہے۔

شیئر: