سعودی عرب میں اعلیٰ عدالتی کونسل نے عام مقدمات کی سماعت روکنے کا اعلان کیا ہے۔
پیر 16مارچ سے عملدرآمد شرو ع ہو گا۔ تااطلاع ثانی مقدمات کی سماعت معطل رہے گی تاہم سرسری سماعت اور آن لائن مقدمات کی سماعت کا سلسلہ برقرار رکھا جائے گا۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق یہ فیصلہ مقدمات کے دونوں فریقوں کی سلامتی اور عدالتی عملے کو کورونا وائرس سے بچانے کے لیے حفاظتی تدبیر کے طور پر کیا گیا ہے۔
اعلی عدالتی کونسل نے ہدایت جاری کی ہے کہ’ جن مقدمات کی سماعت کو ملتوی کیا گیا ہے انہیں مستقبل میں ترجیحی بنیادوں پر نمٹایا جائے گا‘۔
اعلیٰ عدالتی کونسل کے مطابق’ سرسری سماعت والے مقدمات کے فیصلے ہوں گے۔ ایسے تمام مقدمات کی بھی سماعت ہوگی جو تاخیرکے متحمل نہیں ہوسکتے۔ اس کا فیصلہ عدالت کا جج ہی کرے گا‘۔
عام مقدمات کی سماعت پر پابندی کے باوجود آن لائن سماعت برقرار رہے گی۔ مقدمے کے فریق آن لائن دستاویزات پیش کرنے اور عدالت انہیں وصول کرنے کاسلسلہ جاری رکھے گی۔
اعتراضات اور ان کا جواب بھی آن لائن پیش کیا جاتا رہے گا۔ مقدمات کے فریقوں کو عدالت میں حاضری نہیں دینا ہوگی۔ یہ سارا کا م وزارت انصاف کے آن لائن سسٹم کے ذریعے انجام دیا جائے گا۔