قبلہ ایاز نے کہا ہے کہ نماز جمعہ کے اجتماعات کو کم سے کم رکھا جائے (فوٹو: اے ایف پی)
اسلامی نظریاتی کونسل نے پاکستان میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ سے روکنے کے لیے مذہبی اجتماعات کے حوالے سے سفارشات مرتب کر لی ہیں۔
چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر قبلہ ایاز نے اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’نماز جمعہ کے اجتماع میں کم سے لوگ ہوں اور بیانات کی ضرورت نہیں صرف اور صرف خطبے پر اکتفا کیا جائے۔‘
ڈاکٹر قبلہ ایاز نے مزید کہا کہ نماز جمعہ کے اجتماعات کو کم سے کم رکھا جائے اور بزرگ افراد مسجد نہ جائیں۔ اگر حکومت مناسب سمجھتی ہے تو گھروں میں نماز ادا کی جائے۔ ’اگر صورتحال خراب ہوتی ہے اور حکومت نماز جمعہ کے اجتماع پر پابندی عائد کرتی ہے تو اس پر عمل کرنا ضروری ہے۔‘
چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل نے یہ بھی کہا کہ ملک میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشے کی وجہ سے ہاتھ ملانے کے بجائے صرف زبان سے سلام کیا جائے۔
ڈاکٹر قبلہ ایاز نے تلقین کی کہ ملک بھر میں جتنے بھی مذہبی اجتماعات کا انعقاد کیا جا رہے ہے انہیں ملتوی کیا جائے۔’رائیونڈ میں تبلیغی جماعت کا اجتماع ملتوی کر دیا گیا ہے جسے اسلامی نظریاتی کونسل سراہتا ہے۔‘
مذہبی اجتماعات کے حوالے سے سفارشات حکومت کے سامنے رکھی جائیں گی اور منگل کو اس حوالے سے وفاقی وزیر برائے مذہبی امور کے ہمراہ پریس کانفرنس کے ذریعے اعلان کیا جائے گا۔
کورونا وائرس کے حوالے سے قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں ’نیشنل کورآرڈینیشن کمیٹی‘ قائم کی گئی تھی۔ جس نے اسلامی نظریاتی کونسل سے مذہبی اجتماعات کے حوالے سے سفارشات طلب کر رکھی ہیں۔
خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشات کے پیش نظر ملک میں تمام تعلیمی ادارے 5 اپریل تک بند ہیں۔
پاکستان میں پیر کو کورونا کے 52 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد ملک میں متاثرین کی تعداد 105 تک پہنچ گئی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں اتوار کو بھی کورونا وائرس کے 19 نئے کیسز سامنے آئے تھے جن میں پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں بھی کا پہلا مصدقہ کیس رپورٹ ہوا تھا۔