Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مساجد کے وضو خانے بھی عارضی طور پر بند

کورونا سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیارکرنا لازم ہے۔( فوٹو: سوشل میڈیا)
سعودی وزیر اسلامی امور ڈاکٹر عبداللطیف آل الشیخ نے کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے مساجد میں احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کے احکامات صادر کرتے ہوئے کہا ہے کہ مساجد کے وضو خانوں کو عارضی طور پر بند کر دیاجائے۔
سعودی وزارت اسلامی امور کے ٹویٹر پر وزیر اسلامی امور کی جانب سے جاری  ہدایات کے حوالے سے سعودی عرب کے اخبار المدینہ کا کہنا ہے کہ ’نئے کورونا وائرس سے بچاؤ کےلیے احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے وزیر اسلامی امور ڈاکٹرعبداللطیف آل الشیخ نے مملکت میں تمام مساجد کی انتظامیہ کو کہا ہے کہ انسانی جانوں کی حفاظت انتہائی اہم ہے،۔
’موجودہ وائرس جو عالمی سطح پر وبائی صورتحال اختیار کر چکا ہے سے بچاو کے لیے لازمی ہے کہ مساجد میں بھی احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں‘۔

سعودی وزیر اسلامی امورکا کہنا ہے کہ انسانی جنوں کا تحفظ انہتائی اہم ہے ( فوٹو: سوشل میڈیا)

وزیر اسلامی امور کی جانب سے جاری ہونے والے احکامات میں کہا گیا ہے کہ ’مساجد میں قائم تمام وضو خانے عارضی طور پر بند کردیئے جائیں جبکہ مساجد میں تازہ ہوا کی آمد ورفت کے لیے نماز کے اوقات میں کھڑکیا ں اوردروازے کھول کر رکھیں‘۔
یاد رہے قبل ازیں وزیر اسلامی امور کی جانب سے مملکت کی تمام مساجد کی انتظامیہ کو ہدایات جاری کی گئی تھیں کہ جمعہ کی نماز چھوٹی مساجد میں بھی پڑھائی جائے جہاں عام حالات میں نماز جمعہ ادانہیں کی جاتی۔ چھوٹی مساجد میں نماز جمعہ کی ادائیگی کا مقصد جامع مساجد سے ازدحام کو کم کرنا تھا ۔
علاوہ ازیں مساجد میں صفوں کے درمیان ایک صف کو خالی چھوڑنے کا بھی حکم صادر کیا گیا ہے جس پر مملکت کی تمام مساجد میں عمل کیاجارہا ہے ۔ صفوں کے درمیان فاصلہ رکھا جار ہا ہے۔

شیئر: