پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سپر لیگ سیزن فائیو کے بقیہ میچز فوری طور پر ملتوی کر دیے ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق پاکستان سپر لیگ سیزن فائیو کے نئے شیڈول کے بارے میں مزید تفصیلات بعد میں جاری کی جائیں گی۔
التوا کے فیصلے کے بعد کی گئی نیوز کانفرنس میں پی سی بی حکام نے بتایا کہ پی ایس ایل کو ملتوی کرنے کا فیصلہ فرنچائزز سے مشاورت کے بعد کیا گیا ہے۔ جب علم ہوا کہ ایک مشتبہ کیس موجود ہے تو فیصلہ کیا کہ ٹورنامنٹ ملتوی کر دیا جائے۔
پی سی بی چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے ایک غیر ملکی کھلاڑی کے کورونا کا مشتبہ کیس ہونے کی تصدیق کی تاہم ان کی شناخت ظاہر نہیں کی۔ وسیم خان کا کہنا تھا کہ مذکورہ کھلاڑی پہلے ہی اپنے وطن واپس جا چکے ہیں۔
گذشتہ ہفتے کورونا وائرس کے پیش نظر نیشنل سٹیڈیم کراچی اور لاہور میں پی ایس ایل 2020 کے آئندہ میچز شائقین کے بغیر منعقد کروانے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
IMPORTANT ANNOUNCEMENT#HBLPSLV postponed, to be rescheduled. More details to follow in due course.
— PakistanSuperLeague (@thePSLt20) March 17, 2020
پی سی بی کے فیصلے کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے پی ایس ایل کے التوا پر ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا۔ پشاور زلمی کے چیئرمین جاوید آفریدی نے اپنی ٹویٹ میں حکومتی فیصلے کی تعریف کی۔
کرونا وائرس جیسی قدرتی آفت سے جہاں پوری دنیا نبرد آزماء ہے وہاں حکومت پاکستان بھی عمران خان کی قیادت میں اس وباء سے نمٹنے کے لئے میدان عمل میں ہے۔اسی تناظر میں پی ایس ایل کا ٹورنامنٹ بھی ایمر جنسی کے نفاذ کے بعد معطل کر دیا گیا۔قوم حکومت کے مستحسن اقدامات کی بھر پور تائید کرتی ہے https://t.co/BNadSfqMwO
— Javed Afridi (@JAfridi10) March 17, 2020
حنا صافی نامی صارف نے لکھا کہ ’یہ پہلی مرتبہ ہے کہ پی ایس ایل کا مکمل ٹورنامنٹ پاکستان میں منعقد کیا گیا۔ ہم نے بغیر تماشائیوں کے میچز بھی دیکھے، یہ افسوسناک مگر ضرورت تھا۔ کرکٹ واپس آ چکی اور اب یہی رہے گی۔ آئندہ کسی وقت ہونے والے پی ایس ایل فائنلز کا انتظار نہیں کر سکتے۔‘
It was the first time since #PSL started that Pakistan hosted it COMPLETELY. We have seen matches without spectators but safety first. It is saddening but necessary. #CricketIsHome and it will return for good InshaAllah.
Can't wait for an epic #PSLV2020 Finals sometimes later. pic.twitter.com/qXUzJLpYHc— Quarantine #Corona (@hinasafi) March 17, 2020
پی ایس ایل میں ملتان سلطانز کا حصہ رہنے والے شاہد خان آفریدی کا کہنا تھا کہ ‘پی ایس ایل ختم ہونے پر افسوس ہے لیکن تمام لوگوں کی صحت و سلامتی اہم ہے، خصوصا ان لوگوں کو جو واپس اپنے ملکوں کو جا رہے ہیں۔ فیصلہ کچھ پہلے کر کے ٹیبل ٹاپر ٹیم کو ٹرافی دے دی جانی چاہیے تھی۔‘
واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس سے قبل کورونا وائرس کے خطرات کے پیش نظر پی ایس ایل فائیو کے شیڈول میں تبدیلی کردی تھی اور ٹورنامنٹ کا فائنل 22 مارچ کے بجائے 18 مارچ کو لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کروانے کا اعلان کیا تھا۔
پی سی بی نے ایونٹ کے پلے آف میچز سیمی فائنل اور فائنل میں تبدیل کردیے تھے۔
فیصلے کے مطابق پی ایس ایل 2020 کو چار روز تک محدود کردیا گیا تھا اور نئے شیڈول کے مطابق 34 کی بجائے 33 میچز کھیلے جانے تھے۔
-
واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ جوائن کریں