Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی ایس ایل میچز دیکھیں مگر گھر بیٹھ کر

13 مارچ سے شائقین کو سٹیڈیم میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی (فوٹو: ٹوئٹر)
پاکستان کرکٹ بورڈ نے کورونا وائرس کے پیش نظر حکومتِ سندھ کی سفارش پر نیشنل سٹیڈیم کراچی میں پی ایس ایل 2020 کے آئندہ میچز شائقین کے بغیر منعقد کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔
پی سی بی کی جانب سے جاری کیے جانے والے بیان کے مطابق اس فیصلے کا اطلاق 13 مارچ جمعے سے ہوگا تاہم آج یعنی جمعرات کو نیشنل سٹیڈیم میں کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کے مابین میچ کے لیے سٹیڈیم کھلا رہے گا۔
پی سی بی نے تماشائیوں سے درخواست کی ہے کہ وہ حکومتِ سندھ کی جانب سے جاری کردہ ایڈوائزری پر مکمل عمل کرتے ہوئے تمام احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
حکام کے مطابق یہ فیصلہ کھلاڑیوں، آفیشلز، تماشائیوں اور میڈیا نمائندگان کی صحت اور حفاظت کے پیش نظر کیا گیا ہے۔
اس فیصلے کا اطلاق پی سی بی سے منظور شدہ کمرشل پارٹنرز، میڈیا نمائندگان اور دیگر سروس فراہم کرنے  والے افراد پر نہیں ہوگا۔ اس کے علاوہ کھلاڑیوں، سپورٹ سٹاف اور فرنچائز مالکان کے اہلخانہ کو بھی سٹیڈیم میں داخلے کی اجازت ہوگی۔
کورونا وائرس کے خطرے کو پھانپتے ہوئے پی سی بی نے کھلاڑیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ہاتھ ملانے سے اجتناب کریں جبکہ مداحوں سے کہا گیا ہے کہ وہ کھلاڑیوں سے آٹوگراف لینے یا ان کے ساتھ تصاویر اور سیلفیز بنانے  سے اجتناب کریں۔
پی سی بی نے یہ بھی فیصلہ کیا ہے کہ میچ کے بعد کھلاڑی، حریف ٹیم کے سکواڈ میں شامل اراکین سے ہاتھ ملانے کے بجائے زبانی کلام کریں۔
دوسری طرف پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے کہا ہے کہ ’پی سی بی کراچی کے فینز سے ہمدردی رکھتا ہے جنہوں نے ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 کے ابتدائی میچوں سمیت گذشتہ ایڈیشن کے 8 میچوں میں بڑھ  چڑھ کر حصہ لیا تھا تاہم حکومتِ سندھ کی سفارش کے بعد ہمارے لیے بطور احتیاطی تدبیر یہ فیصلہ کرنا ضروری تھا۔‘

پی سی بی کے مطابق لاہور میں ہونے والے میچز کے حوالے سے تاحال حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا (فوٹو: اے ایف پی)

انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ لیگ کے لاہور میں آئندہ میچز کے حوالے سے پی سی بی، پنجاب حکومت سے رابطے میں ہے اور اس حوالے سے صوبائی حکومت کی ہدایات پر مکمل عمل کیا جائے گا۔
اس حوالے سے ٹکٹوں کی واپسی پی سی بی کی ری فنڈ پالیسی کے مطابق ہوگی۔

شیئر: