Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اٹلی میں اموات کی تعداد چین سے زیادہ

یورپ میں ایک لاکھ سے زائد افراد کورونا سے متاثر ہو چکے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
اٹلی میں کورونا وائرس سے ہوئے والی ہلاکتوں کی تعداد چین سے زیادہ ہو گئی ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق جمعرات کو اٹلی میں کورونا وائرس سے مرنے والے افراد کی تعداد 3 ہزار 405 ہو گئی ہے جو کہ چین میں مرنے والے افراد سے زیادہ ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کا کہنا ہے کہ یورپ میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی کل تعداد ایک لاکھ 470 ہو گئی ہے جب کہ براعظم می مرنے والے افراد کی تعداد چار ہزار 752 تک پہنچ گئی ہے۔
اس طرح یورپ اموات کی تعداد کے لحاظ سے ایشیا سے آگے نکل گیا ہے جہاں اب تک کورونا وائرس سے 94 ہزار 253 افراد متاثر ہوئے ہیں جبکہ تین ہزار 417 اموات ہو چکی ہیں۔

 

اے ایف پی کے مطابق جمعرات کو دنیا کے 158 ممالک میں وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد دو لاکھ 32 ہزار 680 ہو گئی جبکہ ہلاکتوں کی تعداد نو ہزار 827 تک پہنچ گئی۔
جمعرات کو دنیا بھر میں 1043 نئی اموات ہوئیں جبکہ 23 ہزار 701 نئے کیسز سامنے آئے۔
چین میں کل 80 ہزار 298 کیسز سامنے آئے جبکہ 3245 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ چین میں 70 ہزار 420 افراد صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔ چین میں بدھ سے جمعرات تک 34 نئے کیسز سامنے آئے جبکہ آٹھ اموات ہوئیں۔
واضح رہے کہ کورونا وائرس گذشتہ برس دسمبر میں چین کے شہر ووہان سے پھیلا اور پھر دیکھتے ہی دیکھتے پوری دنیا تک پہنچ گیا۔ عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) اسے ایک عالمی وبا قرار دے چکا ہے۔
اس وبا سے چین کے بعد اٹلی اور ایران سب سے زیادہ متاثر ہوئے اور اب صورت حال یہ ہے کہ اٹلی میں ہلاکتوں کی تعداد چین سے زیادہ ہو گئی ہے۔

شیئر: