Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فوج کو کورونا کی روک تھام کے لیے تیار رہنے کا حکم

پاکستان کے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے فوج کے تمام جوانوں  کو کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے فوری نوٹس پر تیار رہنے کا حکم دیا ہے۔
پاک فوج کے ڈائریکٹرجنرل تعلقات عامہ کے ٹوئٹر اکاونٹ سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف کی زیرصدارت کورونا وائرس کے یک نکاتی ایجنڈے پر خصوصی کورکمانڈر کانفرنس منعقد ہوئی جس میں کور کمانڈرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔
کانفرنس نے ملک بھر میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ اور اس کی روک تھام کے لیے سول انتظامیہ کی مدد کے لیے فوج کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔
کانفرنس میں فوج کے تمام دستیاب جوانوں اور طبی وسائل کو کورونا کی روک تھام کے لیے مختصر نوٹس پر سول انتظامیہ کی مدد کے حوالے سے تیار رہنے کا حکم دیا گیا۔
خصوصی کورکمانڈر کی صدارت کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ’ ایک ذ مہ دار اور پرعزم قوم کو کوئی چیز نہیں ہرا سکتی‘۔
’پاک فوج انشااللہ قومی کوشش کا حصہ رہتے ہوئے قوم کی خدمت اور تحفظ کا مقدس فرض سرانجام دے گی‘۔
یاد رہے کہ پاکستان میں تیزی سے پھیلتے کورونا وائرس کے پیش نظر تین صوبوں کی حکومتوں نے فوج سے مدد طلب کر لی ہے جبکہ سندھ کی حکومت نے صوبے بھر میں 15 دن کے لیے لاک ڈاؤن کا اعلان کیا ہے۔

 

 

شیئر: