دیوار گرنے سے پاکستانی کارکن ہلاک
عمارت کے لیے بنیاد کھودی جارہی تھی کہ دیوارکارکنوں پر گرگئی(فوٹو، عاجل)
مدینہ میں دیوار گرنے سے ایک پاکستانی مزدور ہلاک جبکہ دوسرا شدید زخمی ہو گیا۔ شہری دفاع کی امدادی ٹیم نے زخمی کارکن کو ہسپتال پہنچا دیا اور نعش کو سرد خانے میں رکھوا دیا گیا۔
شہری دفاع کے ریجنل ترجمان کرنل خالد مبارک الجھنی نے عاجل ویب نیوز کو بتایا کہ دیوار گرنے کا واقعہ شوران محلے میں پیش آیا۔
تعمیراتی کارکن ایک عمارت کی تعمیر کے لیے بنیادیں کھود رہے تھے کہ اچانک ساتھ والی عمارت کی دیوار ان پر آگری۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ دیوارگرنے کی اطلاع جیسے ہی شہری دفاع کے کنٹرول روم کو موصول ہوئی امدادی یونٹ جائے وقوعہ پر پہنچا۔ دیوار کے نیچے پھنسے ہوئے مزدوروں کو نکالا گیا۔ دیوار گرنے سے ایک مزدور موقع پر ہی ہلاک ہو گیا تھا جبکہ دوسرے کو شدید زخمی حالت میں ہسپتال پہنچا دیا گیا۔
ہلاک اور زخمی ہونے والے پاکستانی مزدوروں کی عمر 20 برس سے زائد بتائی جاتی ہے۔ شہری دفاع کی جانب سے کیس پولیس کو ارسال کر دیا گیا جہاں واقعے کی تحقیقیات کے بعد مزید کیس رجسٹر کیا جائے گا۔